
جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے پولیس اہلکار سے جھگڑا اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمے میں ملزم خبیب کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت کے روبرو پولیس اہلکار سے جھگڑا اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ خاتون پولیس افسر کا بیٹا ملزم حبیب اپنے وکلا اسامہ علی گجر، فیصل سیخ اور واحد شیخ ایڈووکیٹس کے ہمراہ پیش ہوا۔ اسامہ علی گجر ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ ملزم کیخلاف مقدمہ جھوٹی اور من گھڑت کہانی پر مبنی ہے۔ واقعے کے وقت صورتحال غلط فہمی کا نتیجہ تھی۔ ملزم نے پولیس اہلکاروں کے ساتھ کوئی مزاحمت نہیں کی۔ واقعے کے بعد ملزم اپنے والدین کے ساتھ تھانے گیا تھا۔ تھانے میں پولیس اہلکار نے غلطی تسلیم کی جسکے بعد معاملہ بات چیت سے حل ہوگیا۔ واقعے کے 9 گھنٹوں بعد مقدمہ درج کیا جانا حقائق پر سوالات اٹھاتا ہے۔ مقدمے میں شامل تمام دفعات قابل ضمانت ہیں۔ ملزم تفتیش میں مکمل تعاون کے لئے تیار ہے۔ عدالت نے ملزم خبیب کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ملزم کو 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیدیا۔ پولیس کے مطابق ملزم خبیب نے پولیس سے جھگڑا اور بد تمیزی کی تھی۔ ملزم خبیب نے کار سرکار میں بھی مداخلت کی تھی۔ ملزم کیخلاف تھانہ ڈیفنس میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔


















































































