فیفا ورلڈ کپ کے میزبان ملک امریکا کے صدر ٹرمپ نے میگا ایونٹ میں مداخلت کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے کھلاڑی کو سزا سے بچا لیا۔
فیفا ورلڈ کپ 2026 اب اپنے اختتامی مراحل کی جانب گامزن ہے۔ تاہم میزبان ملک امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میگا ایونٹ میں مداخلت کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے اہم کھلاڑی کو سزا سے بچاتے ہوئے معطلی رکوا دی۔
راؤنڈ آف 32 میں امریکی ٹیم کے اہم کھلاڑی فلورین بالوگن کو 2 جولائی کو بوسنیا ہرزگوینا کے خلاف میچ میں ریڈ کارڈ دکھائے جانے کے بعد ایک میچ کے لیے معطل کیا گیا تھا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے امریکی فٹبال ٹیم کو بڑا ریلیف دیتے ہوئے اہم کھلاڑی فلورین بالوگن کی ایک میچ کی معطلی پر عملدرآمد ایک سال کے لیے موخر کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیفا کے صدر سے ریڈ کارڈ کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی تھی، جس کے بعد فلورین بالوگن کو 7 جولائی کو بیلجیئم کے خلاف پری کوارٹر فائنل میچ کھیلنے کی اجازت مل گئی۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فیفا کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے تنظیم کا شکریہ ادا کیا ہے، دوسری جانب شائقین کھیل نے اس فیصلے پر تنقید کی ہے اور فیفا کی غیرجانبداری اور ساکھ کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
بیلجیئم فٹبال ایسوسی ایشن نے بھی فیصلے پر شدید حیرت کا اظہار کرتے ہوئے ممکنہ قانونی کارروائی پر غور شروع کر دیا ہے۔


















































































