مکلی میں تخلیق فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام حکومتِ سندھ کے حقِ معلومات تک رسائی ایکٹ 2016 کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کے لیے ایک معلوماتی سیمینار منعقد کیا گیا،


ٹھٹھہ (جے پی) مکلی میں تخلیق فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام حکومتِ سندھ کے حقِ معلومات تک رسائی ایکٹ 2016 کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنے کے لیے ایک معلوماتی سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں صحافیوں، وکلا، ڈاکٹروں، ماہرینِ تعلیم، سماجی رہنماؤں، اساتذہ، طلبہ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے تخلیق فاؤنڈیشن کے سی ای او محمد یعقوب، صحافی اسماعیل میمن، خدابخش بہرانی اور دیگر مقررین نے کہا کہ معلومات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے، جس کے ذریعے سرکاری اداروں میں شفافیت، احتساب اور بہتر طرزِ حکمرانی کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقِ معلومات تک رسائی ایکٹ 2016 کے تحت ہر شہری کو قانون کے مطابق سرکاری اداروں سے مطلوبہ معلومات حاصل کرنے کا حق حاصل ہے، جس سے عوامی معاملات میں اعتماد اور شفافیت میں اضافہ ہوگا۔ مقررین نے مزید کہا کہ عام شہریوں، بالخصوص صحافیوں اور سماجی تنظیموں کو چاہیے کہ وہ اس قانون سے مکمل آگاہی حاصل کریں اور اس سے بھرپور استفادہ کریں، تاکہ سرکاری اداروں کی کارکردگی کو مزید شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔ سیمینار کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکاء نے بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا، جبکہ تخلیق فاؤنڈیشن کی جانب سے آگاہی مہم کو مزید وسیع کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔