ہیلپ لائن 1128 اور کمپلین ایپ پر موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جارہا ہے

ایم ڈی (ایس ایس ڈبلیو ایم بی) کا محرم الحرام کے سلسلے میں ضلع وسطی کا دورہ انتظامات کا جائزہ لیا،
ہیلپ لائن 1128 اور کمپلین ایپ پر موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جارہا ہے
گلبرگ ٹاؤن میں المحسن امام بارگاہ سمیت دیگر امام بارگاہوں کا تفصیلی دورہ، منتظمین سے ملاقات کی

کراچی ( ) منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی نے محرم الحرام کے سلسلے میں ضلع وسطی کا دورہ کرکے صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ تمام امام بارگاہوں، مساجد اور جلوس کے راستوں پر صفائی،سڑکوں کی دھلائی اور چونے کے چھڑکاؤ کے کام کو بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کیا جائے تاکہ عزاداروں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے گلبرگ ٹاؤن میں المحسن امام بارگاہ سمیت دیگر امام بارگاہوں کا تفصیلی دورہ کیا اور منتظمین سے ملاقات کی۔ انہوں نے زائرین کی سہولت کے لیے ریلیف کیمپ قائم کرنے کی بھی ہدایت دی اور کہا کہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔انہوں نے امام بارگاہوں کے منتظمین سے ملاقات میں یقین دہانی کرائی کہ صفائی ستھرائی و دیگر انتظامات کے سلسلے میں کوئی شکایت کا موقع نہیں دیا جائے گا۔ جبکہ اس موقع پر منتظمین نے بھی اطمینان کا اظہار کیااور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے صفائی ستھرائی و دیگر اقدامات کو سراہا۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ امام بارگاہوں کے منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اوربالخصوص9اور10 محرم کو جلوس کے راستوں سمیت امام بارگاہوں کے اطراف عملہ تعینات کیا جائے تاکہ بروقت امور کی انجام دہی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے تمام نجی کنٹریکٹرز کو بھی تاکید کی کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔دیگر تفصیلات میں عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے شکایتی مراکز فعال ہیں جبکہ ہیلپ لائن 1128 اور کمپلین ایپ پر موصول ہونے والی شکایات پر فوری کارروائی یقینی بنائی جارہی ہے۔ تاکہ عزاداروں کو بہترین اور صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔دورے کے موقع پر ڈائریکٹر ضلع وسطی ارشاد آرائیں اور چائنیز کمپنی کے نمائندگان بھی موجود تھے۔

ڈائریکٹر میڈیا
ایس ایس ڈبلیو ایم بی