پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے فیفا ورلڈ کپ میں ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ وہ دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے 6 مختلف ورلڈ کپ ایڈیشنز میں گول اسکور کرنے کا منفرد ریکارڈ قائم کیا۔
ہیوسٹن میں کھیلے گئے میچ میں 41 سالہ رونالڈو نے ازبکستان کے خلاف شاندار گول کر کے یہ تاریخی سنگِ میل عبور کیا۔ میچ کے چھٹے منٹ میں جواؤ کینسلو کے خوبصورت کراس پر رونالڈو نے دائیں پیر سے گیند کو جال کی راہ دکھائی اور اسی کے ساتھ ورلڈ کپ تاریخ میں اپنا نام ایک نئے ریکارڈ کے ساتھ ثبت کر دیا۔
اس گول کے بعد رونالڈو ایسے پہلے فٹبالر بن گئے ہیں جنہوں نے 2006، 2010، 2014، 2018، 2022 اور 2026 کے ورلڈ کپ ایڈیشنز میں گول کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔ اس سے قبل وہ 2006، 2010 اور 2014 میں ایک، ایک گول جبکہ 2018 میں چار اور 2022 میں ایک گول اسکور کر چکے تھے۔
اس کے ساتھ ہی کرسٹیانو رونالڈو ورلڈ کپ کی تاریخ میں دوسرے معمر ترین گول اسکورر بھی بن گئے ہیں، جبکہ اس فہرست میں پہلا نمبر اب بھی کیمرون کے راجر میلا کے پاس ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ لیونل میسی بھی رواں سال اپنے چھٹے ورلڈ کپ میں شریک ہیں، تاہم وہ ہر ورلڈ کپ ایڈیشن میں گول کرنے کا اعزاز حاصل نہیں کر سکے۔


















































































