شہید بینظیرآباد میں معذور افراد کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے کے لیے کیریئر فیئر کا انعقاد


ڈویژنل ڈائریکٹوریٹ آف انفارمیشن شہید بینظیرآباد 29 اپریل 2026ء

سیکریٹری اسپیشل ایجوکیشن طحہٰ احمد فاروقی، رکن سندھ اسمبلی غلام قادر چانڈیو اور کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن شہمیر خان بھٹو نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔

نوابشاہ (ہ۔آ): سندھ حکومت کے محکمہ اسپیشل ایجوکیشن کے تعاون سے سندھ پرسنز ود ڈس ایبلٹیز پروٹیکشن اتھارٹی (SPDPA) اور کنیکٹ ہئیر ادارے کے اشتراک سے “ACCESS.ABILITY.CAREERS 2026” کے عنوان سے مقامی ہال میں ایک اہم کیریئر فیئر منعقد کیا گیا۔ اس پروگرام کا مقصد معذور افراد کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا اور انہیں معاشرے میں باعزت مقام دلانا ہے۔تقریب میں رکن سندھ اسمبلی غلام قادر چانڈیو، سیکریٹری اسپیشل ایجوکیشن طحہ احمد فاروقی، کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن شہمیر خان بھٹو بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے، جبکہ مختلف سرکاری و نجی اداروں نے اسٹالز لگا کر معذور افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیش کیے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے غلام قادر چانڈیو نے کہا کہ سندھ حکومت خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور سرکاری اداروں میں 5 فیصد کوٹہ پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے نجی اداروں پر زور دیا کہ وہ بھی قانون کے مطابق خصوصی افراد کو ملازمتیں فراہم کریں سیکریٹری اسپیشل ایجوکیشن طحہ احمد فاروقی نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد معذور افراد کو ایسی کمپنیوں سے جوڑنا ہے جو شمولیتی ماحول فراہم کرتی ہیں تاکہ وہ معاشی طور پر خودمختار بن سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نجی شعبے میں اسپیشل کوٹہ پر عملدرآمد ابھی بھی محدود ہے، تاہم حکومت اس حوالے سے اقدامات کر رہی ہےانہوں نے بتایا کہ صوبے بھر میں اس نوعیت کے جاب فیئرز منعقد کیے جا رہے ہیں جبکہ حیدرآباد میں ڈاؤن سنڈروم کا ادارہ قائم کیا گیا ہے اور سندھ میں 10 سے زائد آٹزم سینٹرز بھی کام کر رہے ہیں۔کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن شہمیر خان بھٹو نے اپنے خطاب میں کہا کہ خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور انہیں بااختیار بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ایسا پلیٹ فارم فراہم کرنا قابلِ تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی افراد کی تیار کردہ اشیاء کی نمائش اور فروخت کے لیے ڈسپلے سینٹر قائم کیا جائے گا تقریب میں بتایا گیا کہ کیریئر فیئر کے دوران 500 سے زائد معذور افراد سے سی ویز وصول کی گئیں جبکہ سی وی موجود نہ ہونے پر 200 سے زائد افراد کی رجسٹریشن اور ڈیٹا لی گئی جنہیں نجی اداروں میں ملازمت کے لیے بھیجا جائے گا۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی، ڈپٹی کمشنر سانگھڑ سارہ جاوید، سی ای او کنیکٹ ہئیر عظیمہ دھنجی، ڈی جی SPDPA غلام فاروق لغاری، ریجنل ڈائریکٹر اسپیشل ایجوکیشن نثار احمد بروہی،وی سی سلیم رضا سموں، پ پ پ ضلع صدر محمد سالم زرداری، انچارج زرداری ہاوس میر محمد سیال، راشد چانڈیو، صدر این ڈی ایف عابد لاشاری سمیت مختلف محکموں کے افسران، ماہرین، کمپنیوں کے نمائندگان اور بڑی تعداد میں معذور افراد نے شرکت کی منتظمین کے مطابق یہ کیریئر فیئر نہ صرف معذور افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرے گا بلکہ انہیں معاشرے کا فعال اور باوقار حصہ بننے میں بھی مدد دے گا۔

(ہ۔آ… اعجاز)