بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ضلع وسطی اور شرقی میں میونسپل یوٹیلیٹی چارجز ٹیکس کے بل کی تقسیم کا عمل شروع کردیا

کراچی  :  بلدیہ عظمیٰ کراچی نے ضلع وسطی اور شرقی میں میونسپل یوٹیلیٹی چارجز ٹیکس کے بل کی تقسیم کا عمل شروع کردیا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد کی ہدایت پر کے ایم سی کی ریکوری بڑھانے کے لئے بل کی یکمشت ادائیگی پر 25 فیصد رعایت دینے کا اعلان کیا گیا ہے یہ ہدایت انہوں نے کونسل کی قرارداد 148 بتاریخ 29 مارچ 2018ء کے تحت دی ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے بل کی یکمشت ادائیگی پر 25 فیصد رعایت حاصل کریں، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے اس موقع پر کہا کہ اگر بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ریونیو میں اضافہ ہوگا تو ادارہ شہریوں کو بہتر طبی سہولیات،فائربریگیڈ، پارکس، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اور میونسپل سروسز سمیت دیگر شعبوں میں بہتر خدمات فراہم کرے گی، انہوں نے کہا کہ MUCT بلز کی بروقت ادائیگی سے گھریلو اور کاروباری صارفین کو شہر کی بہتری اور ترقی کے عمل میں اپنے حصے کا کردارا دا کرنے کا موقع ملتا ہے انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام بڑے شہروں میں اس طرز کے مقامی ٹیکس اور چارجز متعارف کراکے شہری خدمات کی فراہمی کے عمل کو بہتر اور جدید بنایا گیا ہے، مقامی ادارے شہریوں سے براہ راست رابطے میں ہوتے ہیں اس لئے ان پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ روزمرہ شہری زندگی کے مسائل فوری طور پر حل کئے جائیں اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات بہم پہنچائی جائیں، بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ریکوری سے متعلق محکموں کو ہدایت کی کہ وہ ریونیو کے لئے مقررہ اہداف کے حصول پر توجہ مرکوز کریں اور اپنے افسران و عملے کو فعال کریں تاکہ ادارے کو مالی استحکام حاصل ہو، MUCT بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ریونیو کا اہم ذریعہ ہے لہٰذا اسے بھی جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ MUCTکے بلز سہ ماہی کے بجائے ماہانہ بھیجے جائیں تاکہ شہری آسانی کے ساتھ بلوں کی ادائیگی کو یقینی بناسکیں۔