جیکب آباد کے قریب ویگن اورموٹر سائیکل میں تصادم، ایک خاتون جاں بحق، 2افراد زخمی۔

جیکب آباد : رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد ضلع میں ڈاکو راج قائم، اغوا، ڈکیتی لوٹ مار اور چوری کی وارداتوں میں اضافہ، کھوسہ قبیلے کے افراد کا احتجاجی دھرنا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں امن و امان کی صورتحال انتہائی ابتر ہوچکی ہے ضلع بھر میں ڈاکو راج قائم ہوچکا ہے اغوا، ڈکیتی، چوری اور لوٹ مار کی وارداتوں میں بے پناہ اضافے کی وجہ سے عوام عدم تحفظ کا شکار ہوچکی ہے جبکہ پولیس جرائم پیشہ افراد کے سامنے بے بس نظر آرہی ہے۔ جیکب آباد کے قریب مولاداد تھانہ کی حدود جاڑا واہ کے مقام پر پولیس کی وردی میں ملبوس 4 نامعلوم ڈاکو عاشق کھوسو سے ایکس ایل آئی گاڑی چھین کر فرار ہوگئے واقعے کے خلاف کھوسہ قبیلے کے لوگوں نے جیکب آباد گڑہی خیرو روڈ کو بلاک کرکے دھرنا دیا اور ٹائر نذر آتش کئے، مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ مولاداد تھانہ کے ایس ایچ او اور دیگر اہلکار ڈاکوؤں کے ساتھ ملے ہوئے ہیں اور خود لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث ہیں، پولیس کی وردی میں ملبوس ہوکر ڈاکو دن دھاڑے لوٹ مار کررہے ہیں لیکن پولیس ان کے خلاف کوئی کاروائی کرنے کو تیار نہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ ڈاکوؤں کو گرفتار کرکے چھینی گئی گاڑی برآمد کرائی جائے، علاوہ ازیں سٹی تھانہ کی حدود ڈنگر محلہ میں شنکر کمار کے گھر سے نامعلوم چور 8 تولا سونا زیور اور نقدی لیکر فرار ہوگئے، ایک اور واقعے میں مولاداد تھانہ کی حدود میں 2 نامعلوم مسلح افراد نے نظام الدین رند کو زخمی کرکے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے، دریں اثناء سٹی تھانہ کی حدود سٹی تھانہ چوک سے نامعلوم چور محب سدھایو کی موٹر سائیکل چوری کرکے فرار ہوگئے جبکہ شہر بھر میں درجنوں موبائل فونز چھننے کی وارداتیں بھی ہوئی ہیں۔ جیکب آباد میں امن وامان کی کی خراب صورتحال کی وجہ سے شہری عدم تحفظ کا شکار ہوچکے ہیں شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں امن وامان کو بحال کرنے کے لیے اقدامات کئے جائیں۔

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد میں قتل کا فیصلہ، ملزمان پر 70 لاکھ جرمانہ عائد۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے قریب مولاداد تھانہ کی حدود گاؤں شیر محمد مغیری میں 4 سال قبل چوروں کی فائرنگ سے قتل ہونے والے وزیر علی مغیری کے قتل کا فیصلہ شیر دل مغیری، میر صوبو خان رند، غلام مصطفی رند، محمد شریف رند، حاجی غلام نبی رند، لیاقت علی رند کی سرپنچی میں ہوا، فیصلے میں وزیر علی مغیری کا قتل ثابت ہونے پر ملزمان عبدالنبی رند اور بخت ملانو پر 35،35 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا، فیصلے کے فریقین کو شیروشکر کیا گیا۔
==============
جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد، پولیس حراست میں پیشی پر آنے والا ملزم عدالت سے فرار۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل میں پولیس کی حراست میں پیشی کے لیے لایا گیا ملزم سراج عرف نثار بنگلانی عدالت سے فرار ہوگیا، ملزم کے فرار ہونے پر پولیس نے علاقہ کی ناکابندی کرکے ملزم کی تلاش کی لیکن پولیس ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام ہوگئی، پولیس کے مطابق ملزم نثار بنگلانی پر اے سیکشن تھانہ پر ڈکیتی کا مقدمہ درج تھا جسے ایک ماہ قبل ڈکیتی کے دوران شہریوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا جو جیل میں قید تھا جس کو پیشی پر ٹھل کے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت میں پیشی کے لیے لایاگیا تھا۔

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد کے قریب ویگن اورموٹر سائیکل میں تصادم، ایک خاتون جاں بحق، 2افراد زخمی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے قریب مولاداد تھانہ کی حدود گڑہی خیرو جیکب آباد روڈ پر تیز رفتار ویگن اور موٹر سائیکل میں تصادم ہوگیا جس کے نتیجے میں گاؤں محمد پور کی رہائشی خاتون مسمات امام زادی موقع پر جاں بحق ہوگئی جبکہ عبدالخالق بروہی اور محبوب بروہی شدید زخمی ہوگئے، حدود کی پولیس نے لاش اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا جہاں زخمیوں کو داخل کرکے مقتولہ کی لاش ضروری کاروائی کے بعد ورثہ کے حوالے کی گئی، پولیس نے ویگن ڈرائیور کو گرفتار کرکے ویگن اپنی تحویل میں لے لی ہے۔

جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جے یو آئی کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد کی صحتیابی کے لیے اجتمائی دعا کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام کے سینئر رہنما ممتاز پارلیمنٹرین اور سابق سینیٹر حافظ حسین احمد گردوں کی بیماری کے باعث ڈائیلاسسز پر ہیں ان کی طبیعت اچانک خراب ہونے کی وجہ سے ایس آئی یو ٹی کراچی لایا گیا جہاں ملک کے نامور ڈاکٹر ادیب الحسن رضوی کے زیر علاج ہیں۔ جے یو آئی ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری نے حافظ حسین احمد سے فون پر بات چیت کی اور صحت کے بارے میں معلومات لی، حافظ حسین احمد نے بتایا کہ اب طبیعت میں کافی بہتری ہے مزید دعاؤں کی ضرورت ہے، ادھر جے یو آئی کا ایک اجلاس انصاری ہاؤس میں ہوا جس میں حافظ حسین احمد کی صحتیابی کے لیے خصوصی دعا گئی۔ اس موقع پر جے یو آئی کے ضلع امیر ڈاکٹر اے جی انصاری نے کہا کہ حافظ حسین احمد ملک اور قوم کا انمول سرمایہ ہیں، پاکستان کی سیاست میں ان کا اہم کردار رہا ہے انہوں نے قوم سے دعاؤں کی اپیل کی۔

جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جماعت اسلامی کی جانب سے گندم کے نرخوں میں کمی اور باردانہ کی غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں جماعت اسلامی کی جانب سے گندم کی قیمتوں میں کمی اور باردانے کی غیر منصفانہ تقسیم کے خلاف ایک احتجاجی جلوس دفتر جماعت اسلامی سے ضلعی امیرحاجی دیدار علی لاشاری، ہدایت اللہ رند اور دیگر کی قیادت میں نکالا گیا، جلوس میں کارکنان و شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، مظاہرین نے شہر کے مختلف راستوں پر مارچ کرنے کے بعد ڈی سی چوک پر دھرنا دیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ حکومتی سرپرستی میں بدعنوانی کی وجہ سے سندھ میں زراعت کا شعبہ تباہ ہوچکا ہے جس کی وجہ سے کسان پریشان ہے کاشتکاروں کی سال بھر کی محنت کھلے آسمان تلے پڑی ہے سرکاری قیمت مقرر ہونے کے باوجود محکمہ خوراک گندم خرید نہیں کررہا محکمہ خوارک کے کرپٹ افسران نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں گندم کی خریداری کے دوران قیمتوں میں کمی سے کسان پریشان ہیں جبکہ گندم کا باردانہ بااثر اور سفارشی لوگوں سمیت رشوت کے عیوض دیا جارہا ہے ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ باردانہ کی تقسیم میں ڈاکا زنی بند کرکے منصفانہ طور پر مستحق کسانوں کو دیا جائے اور گندم کو سرکاری نرخ پر لیکر کسانوں کو معاشی تباہی سے بچایا جائے۔