7 سالہ بھارتی بچی کا لمبو اسکیٹنگ کا ورلڈ ریکارڈ قائم

بھارت کی 7 سالہ لڑکی نے 20 کاروں کے نیچے تیز ترین لمبو اسکیٹنگ کا گینیز ورلڈ ریکارڈ توڑ دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پونے کی دیشنا نہار نے اپنے رولر اسکیٹس پر پٹی باندھ کر زمین پر 20 کاروں کے نیچے اسکیٹنگ کرتے ہوئے فاصلہ صرف 13.74 سیکنڈز میں طے کر کے عالمی ریکارڈ توڑ دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گینیز ورلڈ ریکارڈ نے بھی پونے کی دیشنا نہار کے ریکارڈ کی تصدیق کر دی ہے۔
بھارتی بچی دیشنا نے 14 سالہ چینی لڑکی کا ریکارڈ توڑا ہے جس نے 2015ء میں 14.15 سیکنڈز میں 20 گاڑیوں کے نیچے سے گزر کر ریکارڈ قائم کیا تھا۔

بچی کے والد نے بتایا ہے کہ اُن کی بیٹی گزشتہ 2 سال سے اسکیٹنگ سیکھ رہی ہے اور پچھلے 6 مہینوں سے وہ لمبو اسکیٹنگ کے اس ریکارڈ کے لیے تیاری کر رہی تھی۔
دیشنا نہار کو تصدیق کے بعد رواں ماہ 14 جون کو گینیز سے سرکاری سرٹیفکیٹ ملا۔

لمبو اسکیٹنگ کیا ہے؟
لمبو اسکیٹنگ جسے رولر لمبو بھی کہا جاتا ہے، ایک ایسا کھیل ہے جس میں رولر اسکیٹس پر ایک شخص بہت کم اونچائی پر اسکیٹنگ کر کے افقی رکاوٹ کے نیچے سے گزرتا ہے۔