یونیورسٹی طالب علم مزاحمت پر قتل- نجی یونیورسٹی کو انتظامیہ سے تعاون کی ہدایت


)شہر میں بے خوف ڈاکوؤں نے ایک اور گھر کا چراغ بھجا دیا،کورنگی اللہ والا ٹاؤن میں نجی یونیورسٹی کے طالبعلم اور مصنف کو ڈاکوؤں نے ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا،مقتول لاریب کے والد کے مطابق لاریب کی کتاب کی رونمائی آج بدھ کے روز ہونی تھی ، میرے بیٹے کو اپنی لکھی گئی کتاب کی پریزنٹیشن دینی تھی لیکن ڈاکوؤں نے میرے بیٹے کا خواب چھین لیا۔والد نے بتایا کہ لاریب کو موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت پر قتل کیا گیا، اریب کے بھائی نے بتایا کہ اس کی شادی آئندہ سال ہونی تھی اور گھر میں تیاریاں بھی جاری تھیں، ایس ایس پی کورنگی نے ایس ایچ او کورنگی صنعتی ایریا تھانے کو تنزلی کیساتھ معطل کردیا۔سب انسپکٹر فراز خان کو جرائم پر قابو نہ پانے پر معطل کیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود اللہ والا ٹاؤن سعد بن معاذ مسجد کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 22 سالہ محمد لاریب ولد محمد حسن جاں بحق ہو گیا۔واقعہ کے بعد ڈاکو باآسانی فرار ہو گئے۔مقتول نجی یونیورسٹی کا طالب علم تھا اور واقعہ کے وقت باڈی بلڈنگ کلب سے واپس گھر آرہا تھا جب دو ملزمان نے اسے روکا اور فائرنگ کی۔ایک گولی مقتول کی آنکھ کے پاس لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔پولیس کو جائے وقوع سے ایک تیس بور پستول کا خول ملا ہے جبکہ مقتول کے پاس سے موبائل فون نہیں ملا۔مقتول لاریب چار بہن بھائیوں میں سب سے بڑا اور نجی یونیورسٹی میں بی بی اے فائنل کا طالب علم تھا۔مقتول کے بھائی شاہزیب نے بتایا کہ میرے بھائی کی اگلے سال شادی تھی ،گھر میں شادی کی تیاریاں چل رہی تھیں۔ بھائی کو بیرون ملک جانا تھا، اس نے بتایا کہ لاریب بیسک اکاؤنٹنگ پر کتاب لکھ رہا تھا۔مقتول کے بھائی کا کہنا تھا کہ پڑھے لکھے نوجوانوں کا قتل ہوتا رہا تو پاکستان کا نقصان ہوتا رہے گا،ادارے ناکام ہو چکے ہیں۔مقتول لاریب کی نمازجنازہ بعد نماز عصر اللہ والا ٹاون کی مقامی مسجد میں ادا کی گئی گی۔اس موقع پر اہل علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے گلی میں پہلےایک لڑکےکو لوٹا پھر لاریب کو لوٹنےکی کوشش کی اور مزاحمت کرنے پر دو گولیاں چلائیں، ایک گولی لاریب کو آنکھ پاس لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔پولیس کے مطابق اطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے ملزمان کی تلاش کی جارہی ہے۔منگل کی دوپہر ایس ایس پی کورنگی حسن سردار نیازی مقتول لاریب کے گھر پہنچے اور مقتول کے لواحقین کو ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کروائی،اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ تکنیکی بنیاد پر شواہد حاصل کئے جارہے ہیں،ملزمان کو جلد کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
====================

پی ایس ایل کے دوران روڈ کی بندش پر یونیورسٹی کو انتظامیہ سے تعاون کی ہدایت
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائیکورٹ نے پی ایس ایل کے دوران سر شاہ سلیمان روڈ کی بندش کے خلاف درخواست پر پولیس حکام کے مشترکہ جواب کے بعد نجی یونیورسٹی کو انتظامیہ سے تعاون کی ہدایت کردی۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس عقیل احمد عباسی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو پی ایس ایل کے دوران سر شاہ سلیمان روڈ کی بندش کے خلاف درخواست سے متعلق پولیس حکام کی جانب سے مشترکہ جواب عدالت میں جمع کروادیا گیا۔ جواب میں کہا گیا پی ایس ایل کے دوران سر شاہ سلیمان روڈ بند نہیں ہوگا۔ ٹیموں کی آمد اور واپسی کے وقت ایک ایک گھنٹے کے لئے سڑک بند کریں گے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ان چیزوں کا تو آپ کو بھی خیال ہونا چاہئے۔

=========================

میرخلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی کا سیمینار، جمیل جالبی کے تجزیئے انسانیت کی بھلائی کیلئے قابل ستائش رہنمائی ہیں، گورنر پنجاب
06 مارچ ، 2024FacebookTwitterWhatsapp
لاہور (رپورٹ:حرا بتول) گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے کہا کہ میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی سیمینارز کروا کر معاشرے اور حکومت کو اہم مسائل کی طرف توجہ دلاتی ہے۔جمیل جالبی کے تجزیے انسانیت کی بھلائی کیلئے قابل ستائش رہنمائی ہیں، ان کی خدمات آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار گورنر نے میر خلیل الرحمٰن میموریل سوسائٹی اور پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے زیراہتمام ڈاکٹر جمیل جالبی کی شخصیت سے متعلق منعقدہ سیمینار میں کیا۔ بلیغ الرحمٰن نے مزید کہا کہ ڈاکٹر جمیل جالبی کی علم و ادب کے شعبے میں بطور محقق، نقاد، مصنف اور مترجم عظیم خدمات ہیں،جمیل جالبی اپنی تحریروں کی روشنی سے لوگوں کو منور کرتے رہے، نوجوان نسل ہمارا مستقبل ، انہیں کتاب بینی کی طرف راغب کرنا وقت کی ضرورت ہے،ہمیں سیکھتے رہنا چاہئے ، آگے بڑھنا چاہیے اور ہمارا ہردن گزرے ہوئے دن سے بہتر ہونا چاہئے ،اور یہ کتابوں سے دوستی کے ذریعے ہی ممکن ہے،یہ پروگرام بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ تلاوت قرآن پاک مرغوب ہمدانی جبکہ نعت رسولؐ خلیق حامد قادری نے پیش کی۔ سیمینار کی صدارت گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے کی۔ مہمان خصوصی وفاقی محتسب انشورنس ڈاکٹر خاور جمیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا ڈاکٹر جمیل جالبی ایک استاد، ادبی محقق، ماہر لسانیات، تنقید کار، مترجم اور مورخ ادب ہونے کے علاوہ بہترین منتظم بھی تھے وہ جس ادارے میں بھی گئے اسے اپنے ان منٹ نقوش سے مستفید کیا۔ ان کی خواہش کے احترام میں آج جامعہ کراچی میں ڈاکٹر جمیل سے ریسرچ لائبریری اپنی تکمیل کے بعد علم و ادب کے طلبہ، اساتذہ اور اسکالرز کے لئے بڑی قومی فریضہ انجام دے رہی ہے۔ یہ لائبریری پاکستان بھر میں اپنی نوعیت کی پہلی ریسرچ لائبریری ہے۔ ڈائریکٹر ڈاکٹر جمیل جالبی، چیئرمین ضیاء الحسن ضیاء نے کہا کہ دنیا بھر کے ادیبوں کی سوچ ایک جیسی ہوتی ہے، ادب ہمیشہ مثبت سوچ کو جنم دیتا ہے۔
==============

سندھ میں نرسنگ کی اسناد کا اجرا کئی ماہ سے تعطل کا شکار ، طلبا کو پریشانی کا سامنا
06 مارچ ، 2024FacebookTwitterWhatsapp
کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) سندھ میں نرسنگ کی اسناد کا اجراء کئی ماہ سے تعطل کا شکار ہے جس کے باعث طلبا کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ کئی ماہ سے صوبے میں جنرل نرسنگ اور اسپیشلائزیشن کی اسناد جاری نہیں کی جا رہیں ۔ ڈپلومہ کا اجراء نہ ہونے سے طلبا کو ملازمت کے حصول میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ یاد رہے کہ سندھ میں جنرل نرسنگ 2018 میں ختم کر دی گئی ہے اور اس کی جگہ اب جینیرک نرسنگ کرائی جارہی ہے تاہم جن طلبا نے 2018 میں داخلہ لیا ان کی تعلیم کی تکمیل 2021 میں ہوئی اور تکمیل کے ایک سال بعد اسناد جاری کی جاتی ہیں لیکن ایک سال گزرنے کے باوجود انہیں اسناد نہیں مل سکیں۔ اس سلسلے میں سندھ نرسنگ امتحانات بورڈ کی ناظمہ ارم شاد کا کہنا تھا کہ انہوں نے چارج لیتے ہی تمام رکے ہوئے ڈپلومہ جاری کر دیئے تھے جس کے بعد اسناد کے لئے استعمال ہونے والا کاغذ ختم ہو گیا جو پاکستان پرنٹنگ کارپوریشن تیار کر تی ہے ۔ انہوں نے اکتوبر 2023میں پاکستان پرنٹنگ کارپوریشن کو درخواست دی تھی جن کی جانب سے12 سے 16 ہفتوں کا وقت دیا جاتا ہےجس کے بعد تاحال کاغذ فراہم نہیں کیا گیا۔ ان کا مذید کہنا تھا کہ پرنٹنگ پریس کی انتظامیہ سے بات ہوئی تھی جنہوں نے انتخابات کو تاخیر کی وجہ قرار دیا تاہم اب انہوں نے بتایا ہے کہ دو ہفتوں تک کاغذ فراہم کر دیئے جائیں گے جس کے بعد اسناد کا اجراء ہوسکے گا۔
==================

سینیٹر عرفان صدیقی نے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کر لی
06 مارچ ، 2024FacebookTwitterWhatsapp
اسلام آباد(نمائندہ جنگ)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سینیٹر عرفان صدیقی کو شعبہ ابلاغیات اور تعلیم میں ان کی گراں قدر خدمات پر پی ایچ ڈی کی ڈگری تفویض کر دی گئی ہے۔ نجی یونیورسٹی لاہور کے سالانہ کانووکیشن میں ڈگری کا اعلان کرتے ہوئے بورڈ آف گورنر کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمن اور ریکٹر سمیرہ رحمان نے سینیٹر عرفان صدیقی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں قوم کا قیمتی سرمایہ قرار دیا۔