وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عابد زبیری کی قیادت میں وفد کی ملاقات


وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عابد زبیری کی قیادت میں وفد کی ملاقات
وفد میں جہانگیر جھوجہ، ارشد جہانگیر جھوجہ، آصف چیمہ،میاں منیر اورمیاں اسد منیر شامل،عامر سعید راں اورجی ایم سکندر بھی موجود
وکلاء اور انکی فیملیز کیلئے مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائیگی، گزیٹڈ افسروں کے برابر میڈیکل کی سہولت دینگے:پرویزالٰہی
وکلاء برادری کی فلاح وبہبود کو ہمیشہ مقدم رکھا،دروازے آپ کیلئے ہمہ وقت کھلے ہیں،مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے
وکلاء برادری وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی عوامی خدمات کی معترف ہے،آپ نے ہمیں ہمیشہ سپورٹ کیا ہے:عابد زبیری
سابق دور کے آپکے کام آج بھی لوگ یاد کرتے ہیں،مختصر مدت میں آپ نے عوامی فلاح کے بے پناہ کام کئے ہیں:جہانگیر جھوجہ
لاہور15نومبر:وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے آج وزیراعلیٰ آفس میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عابد زبیری کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔وفد میں لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر جہانگیر جھوجہ، سابق صدر لاہوربار ارشد جہانگیر جھوجہ،سابق سیکرٹری سپریم کورٹ بار محمد آصف چیمہ،میاں محمد منیر ایڈووکیٹ اورمیاں اسد منیر شامل تھے۔صوبائی مشیرعامر سعید راں اورسابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کامیابی پر صدر عابد زبیری کو مبارکباددی اوران کے لئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء برادری کی فلاح وبہبود کیلئے سابقہ دور میں بھی ٹھوس اقدامات کیے اوراب بھی کریں گے۔وکلاء اور ان کے اہل خانہ کیلئے مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ وکلاء اور ان کی فیملیز کو گزیٹڈ افسروں کے برابر فری میڈیکل کی سہولت دیں گے۔وکلاء برادری کی فلاح وبہبود کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے۔ وکلاء برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔میرے دروازے آپ کیلئے ہمہ وقت کھلے ہیں۔وکلاء برادری نے ہمیشہ جمہوریت اورآئین کی بالا دستی کیلئے ہراول دستے کاکردارادا کیا ہے۔قانون اور انصاف کی عملداری یقینی بنانے کیلئے وکلاء برادری کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے – انہوں نے کہا کہ معاشی و سماجی انصاف کسی بھی معاشرے کی ترقی کیلئے ضروری ہے۔ پاکستان کو آگے لے کر جانا تو قانون و انصاف کی عملداری یقینی بنانی ہو گی۔عام آدمی کو انصاف دلانے کیلئے وکلاء برادری کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا۔عابد زبیری کے سپریم کورٹ بار کا صدر منتخب ہونے پر دلی خوشی ہوئی ہے۔ امید ہے کہ عابدزبیری وکلاء برادری کے مسائل کے حل کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عابد زبیری منجھے ہوئے وکیل ہیں اور وکلاء برادری کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔عابد زبیری کے سپورٹرز وکلاء کا بھی دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدرعابد زبیری نے کہا کہ وکلاء برادری وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کی عوامی خدمات کی معترف ہے۔آپ نے ہمیں ہمیشہ سپورٹ کیا ہے،جس پر آپ کے شکر گزار ہیں۔لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر جہانگیر جھوجہ نے کہا کہ سابق دور کے آپ کے کام آج بھی لوگ یاد کرتے ہیں۔مختصر مدت
میں آپ نے عوامی فلاح کے بے پناہ کام کئے ہیں۔
٭٭٭٭٭
==============