سیکرٹری آبپاشی رائے منظور ناصر نے کہا ہے کہ محکمہ آبپاشی میں چار پائلٹ کینال ڈویژنوں میں ای آبیانہ کی کامیابی کے بعد یہ نظام اب صوبے بھر میں فعال کردیا گیا ہے۔

لاہور15نومبر:……سیکرٹری آبپاشی رائے منظور ناصر نے کہا ہے کہ محکمہ آبپاشی میں چار پائلٹ کینال ڈویژنوں میں ای آبیانہ کی کامیابی کے بعد یہ نظام اب صوبے بھر میں فعال کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس وقت صوبہ بھر کی دوکروڑ دس لاکھ ایکڑ اراضی کا نئے ڈیجیٹل نظام میں اندراج کیا جارہا ہے۔کسانوں کے آبیانہ کے مسائل کے حل میں نیا ای آبیانہ نظام اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس نئے نظام سے کسانوں کو آبیانہ کی ادائیگی میں سہولت ہوگئی ہے۔
سیکرٹری آبپاشی رائے منظور ناصر نے کہا کہ نئے نظام کے تحت کسانوں کو تمام تفصیلات کے ساتھ ڈیجیٹل آبیانہ بل جاری کئے جاتے ہیں۔ کسان یہ بل کسی بھی بینک، ایزی پیسہ، جاز کیش پر باآ سانی جمع کروا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ نیا نظام نہ صرف کسانوں کے لئے سہولت کا باعث ہے بلکہ آبیانہ کی تشخیص میں پائی جانی والی خرابیاں بھی دور ہو جائیں گی، یہ نیا نظام صوبے کے محصولات میں اضافے کا باعث بھی ہوگا۔
٭٭٭٭٭
=======================