گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری کا وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو خط صوبہ سندھ کے اسکولوں اور کالجز میں ترجمہ کے ساتھ قرآ ن کریم کی لازمی تعلیم دینے کی تجویز

کراچی ( نومبر12 )
گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو خط تحریر کیا ہے ، جس میں وزیراعلیٰ سندھ کو اسکولوں اور کالجز میں ترجمہ کے ساتھ قرآ ن کریم کی لازمی تعلیم دینے کی تجویز دی گئی ہے ۔خط میں کہا گیا ہے کہ الحمد اللہ ہمیں قرآن کریم سے نواز گیا ہے جو ہماری رہنمائی کے لئے نازل کیا گیا ہے اس کا فہم و مشاہدہ روز قیامت ہماری نجات کی راہ ہموار کرے گا عام تعلیم کو اگر قرآنی تعلیمات کے ساتھ پڑھایا جائے تو بچوں کو صحیح اور غلط میں فرق کرنے میں مدد مل سکتی ہے ۔ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ مسلم طلبہ کے لئے قرآن کریم ترجمہ کے ساتھ تعلیمی اداروں میں لازمی مضمون کے طور پر شامل کیا جائے اس سلسلہ میں محکمہ تعلیم پنجاب اور وفاقی وزارت تعلیم کے وضع کردہ نظام کو بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ اس کا آغاز پرائمری سطح پر ناظرہ اور تجوید کے ساتھ پڑھانے کے ساتھ کیا جائے ۔خط کے مطابق اس کے بعد ثانوی اور اعلیٰ ثانوی سطح پر ترجمہ کے ساتھ قرآن کو سکھانے کا انتظام کیا جائے گورنر سندھ نے مزید کہا کہ قرآن کریم کی تعلیم ہمارے تعلیمی نظام کی قدر میں اضافہ کرے گی اس مقصد کے لئے متعلقہ اداروں کو احکامات جاری کئے جائیں ۔
========================