ڈپٹی کمشنر سجاول نے ضلع بھر میں فوری طور پر “فلڈ ایمرجنسی” کا اعلان کر دیا۔

ڈپٹی کمشنر سجاول شہر یار گل میمن نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ کی جانب سے جاری کردہ کچے کے علاقوں میں سیلاب کی پیشگوئی کے الرٹ کی تعمیل میں اپنے ایک جاری کردہ فلڈ الرٹ آرڈر کے تحت ضلع بھر میں فوری طور پر “فلڈ ایمرجنسی” کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گیجنگ سٹیشن کی سیلاب کی پیش گوئی کہ کوٹری بیراج کے بہاؤ سے دریائے سندھ کے پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس سے کچے کے علاقوں میں سیلاب آ سکتا ہے اور کچے کے علاقے کی آبادی متاثر ہو سکتی ہے کے مد نظرصوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ کی جانب سے سیلاب کی پیشگوئی کا الرٹ جاری کر دیا گیا تھا جس کی تعمیل میں ضلعی انتظامیہ سجاول کی جانب سے “فلڈ ایمرجنسی” کا اعلان کرتے ہوئے کچے کے علاقوں کے تمام رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ آرڈر میں ضلع سجاول کے تمام محکموں کے سربراہان سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ اپنے اور اپنے ماتحت افسران کی ہیڈ کوارٹرز میں موجودگی کو یقینی بنائیں، تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کا موثر اور بروقت جواب دیا جا سکے جبکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ تمام متعلقہ افسران اور اہلکاروں کے سیل فون فوری طور پر مناسب اور مثبت طور پر بغیر کسی ناکامی کے کھلے رہیں گے۔ حکنامہ کے تحت ایگزیکٹو انجینئرز محکمہ آبپاشی اور نکاسی آب سجاول کو چوکس رہنے، رکاوٹوں کو ہٹانے اور پانی کے ہموار بہاؤ، بینکوں کو مضبوط بنانے، کمزور پوائنٹس کی نشاندہی اور بندوں کی بار بار فزیکل چیکنگ کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیارکارز کو کچے کے علاقوں کی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔