دہلی، میٹرو ٹرین میں مسافروں کے مابین جھگڑے کی ویڈیو وائرل

بھارتی ریاست دہلی کی میٹرو ٹرین میں دوران سفر ٹی شرٹ کی قیمت کم بتانے پر دو مسافروں کے مابین جھگڑے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نوجوان لڑکا اور لڑکی معروف نجی برانڈ ’زارا‘ سے خریدی گئی ایک ٹی شرٹ کی قیمت پر لڑ رہے ہیں جو دیکھتے ہی دیکھتے ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگئی۔

ہونا کیا تھا، دونوں نوجوان معمول کی گفتگو میں مشغول ہوتے ہیں کہ یک دم لڑکی چیخنے لگتی ہے کہ مذاق اُڑاؤ گے میری ٹی شرٹ کا۔۔۔، یہ ٹی شرٹ زارا سے خریدی ہے پورے ہزار روپے میں جبکہ لڑکے کا کہنا تھا کہ شرٹ کی قیمت ڈیڑھ سو سے زیادہ نہیں ہے۔

بس لڑکے کا اتنا کہنا تھا کہ لڑکی سیخ پا ہوگئی اور لڑکے پر چلانے لگی اور تھوڑی دیر بحث مباحثے کے بعد لڑائی مار کٹائی تک بڑھ گئی۔
اس سے قبل کہ بات مزید آگے بڑھتی ان کا مطلوبہ اسٹیشن آجاتا ہے اور لڑکی’’ممی کو بولوں گی۔۔۔، کسی کو بھی تم جیسا بندہ نہ ملے۔۔۔، پبلک میں تماشا کر رہا ہے‘‘ کہتے ہوئے دونوں ٹرین سے اترجاتے ہیں۔

دہلی میٹروٹرین کے ایک مسافر کی جانب سے بنائی گئی اس ویڈیو کو ٹوئٹر پر اب تک پانچ ہزار سے زائد بار دیکھا جاچکا ہے اور آٹھ سو سے زائد افراد نے اسے ری ٹویئٹ کیا ہے۔ جبکہ ہزاروں صارفین اس پر دلچسپ تبصرے پیش کررہے ہیں، کوئی انہیں بہن بھائی تو کوئی میاں بیوی قرار دے رہا ہے۔ بعض اس کو اسکرپٹڈ بھی کہہ رہے ہیں۔