جیکب آباد کا خبرنامہ

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جمعیت علماء اسلام کے سینئر رہنما حافظ حسین احمد علیل ہوگئے، کراچی کی اسپتال میں داخل۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام کے سینئر مرکزی رہنما اور سابق ممتاز پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد کی طبیعت اچانک خراب ہونے کی وجہ سے کراچی کی اسپتال میں داخل کیا گیا، حافظ حسین احمد گزشتہ 8 سالوں سے گردوں کے عارضے میں مبتلا ہیں۔ اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر ان کے فرزند ظفر حسین بلوچ نے بتایا کہ حافظ حسین احمد کو ایس آئی یو ٹی کراچی میں داخل کیا گیا ہے جہاں ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں ان کا علاج کیا جارہا ہے، انہوں نے تمام لوگوں سے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی ہے۔

جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد میں غیرت کے نام پر دوہرا قتل۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل گڑہی خیرو میں ملزم غیرت کے نام پر خاتون سمیت دو افراد کو قتل کرکے فرار ہوگیا، پولیس کے مطابق گڑہی خیرو تھانہ کی حدود گوٹھ علی مردان بلیدی میں ملزم لعل بخش بلیدی نے غیرت کے نام پر اپنی بھتیجی فاطمہ اور پڑوسی نوجوان مغیم بلیدی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگیا، طلاع پر پولیس نے پہنچ کر لاشوں کو تعلقہ اسپتال پہنچایا جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاشیں ورثہ کے حوالے کی گئی، پولیس کی جانب سے ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقہ کی ناکابندی کردی گئی ہے تاہم آخری اطلاعات تک ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی تھی۔

جیکب آباد: ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص قتل۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے ائیرپورٹ تھانہ کی حدود افضل بابا قبرستان کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کرکے نوجوان شفقت جکھرانی کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے، اطلاع پر حدود کی پولیس نے لاش کو سول اسپتال منتقل کیا، پولیس کے مطابق واقع کی تفتیش اور ملزمان کی گرفتاری کی کوشش کررہے ہیں۔

جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
مظلوم فلسطینیوں سے ہمدردی کے لیے امت مسلمہ پر اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنا لازمی ہے۔ ان خیالات کا اظہار جمعیت طلباء اسلام صوبہ سندھ کے صدر نعیم اللہ لغاری نے صوبائی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جمعیت طلباء اسلام صوبہ سندھ کی مجلس عاملہ کا اہم اجلاس صوبائی صدر نعیم اللہ لغاری کی صدارت میں منعقد ہوا، اجلاس کی کاروائی صوبائی جنرل سیکریٹری سید زاہد شاہ ہاشمی نے سر انجام دی، اجلاس میں اراکین عاملہ نے ڈویژن وائز تنظیمی صورتحال پر بریفنگ دی، اجلاس میں اسرائیل کی بربریت کی مذمت کی گئی اور مظلوم فلسطینی مسلمانوں کی بھرپور حمایت کی گئی مسئلہ فلسطین پر سندھ بھر کے جامعات اور تعلیمی اداروں میں بھرپور آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا پہلے مرحلے میں اسرائیلی مصنوعات کی بائیکاٹ کا مہم چلائی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں اضلاع کی سطح پر مسئلہ فلسطین اور مسلم نوجوان کے عنوان پر سیمینارز منعقد ہوں گی۔ اجلاس میں مرکزی نائب صدر نورالحق لاشاری، پریس ترجمان عبیدالرحمن قمر، ثناء اللہ سیال، سعیدالرحمن قرنی، اسامہ محمود ہالیجوی، محمدعلی درس، شفیق الرحمن ڈنگراج، محکم الدین بروہی، دانیال بکھیرو، راشد محمود کھاوڑ، صبغت اللہ لغاری نے شرکت کی۔

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
یوم صحافت پر خضدار پریس کلب کے صدر محمد صدیق مینگل کی شہادت سے ثابت ہوگیا ہے کہ پاکستان صحافیوں کے لیے غیر محفوظ بن چکاہے، صحافیوں کا قتل، دھمکیاں، حراساں اور جھوٹے مقدمات درج کرنا معمول بن چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جیکب آباد کے صحافیوں عبدالرحمن آفریدی، زاہد حسین رند، عبدالغنی کھوسو، آصف علی بھٹی، وکی کمار وادھوانی اور دیگر نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ جیکب آباد کے صحافیوں کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں آئے روز صحافیوں کو قتل کیا جارہا ہے خضدار پریس کلب کے صدر محمد صدیق مینگل کا قتل آزادی صحافت کے جھوٹے دعوے کرنے والے حکمرانوں کے منہ پر طمانچہ ہے، انہوں نے کہا کہ سندھ، بلوچستان، کے پی کے اور پنجاب میں صحافی عدم تحفظ کا شکار ہوچکے ہیں، انہوں نے کہا کہ صحافی محمد صدیق مینگل کے قاتلوں کو گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچاکر صحافیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جمعیت علماء اسلام ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری نے کراچی میں ایوان نہیں میدان عوامی اسمبلی ملین مارچ کی تاریخ ساز کامیابی اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے فراڈ الیکشن، قبلہ اول اور ختم نبوت کے تحفظ، عالمی اور ملکی مسائل پر دو ٹوک موقف پیش کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ علامہ راشد محمود سومرو کی جدوجہد اور بہادری قابل ستائش ہے ایسے لیڈر جو بغیر کسی مذہب اور نسل کے دین اور دھرتی کے لیے اپنی جان قربان کر نے کو تیار ہیں ان کو سلام پیش کرتے ہیں ان کے ہر حکم پر ہم بھی ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں، انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہئے کہ ان جیسے بے باک رہنماؤں کا عملی طور ساتھ دیں۔
================

جیکب آباد : رپورٹ ایم ڈی عمرانی
جیکب آباد صدر پولیس کی جیلانی ٹاؤن کے مقام پر کارروائی ، دو اہلکار ہیروئن اسمگلنگ کرتے گرفتار ، گرفتار ملزمان بلوچستان پولیس کے اہلکاروں ہیں ، ایس ایس پی سلیم شاہ
تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر پولیس نے جیلانی ٹاؤن کے مقام پر دوران تلاشی بلوچستان سے تعلق رکھنے والے دو پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرکے ملزمان کے قبضے سے ہیروئن برآمد کرلی ،
پولیس کے مطابق بین الصوبائی اسمگلر گروہ کے رکن دونوں اہلکاروں کا تعلق بلوچستان پولیس سے ہے ، ملزمان کے قبضے سے دوران تلاشی ہیروئن برآمد ہوئی ہے ، پکڑی گئی ہیروئن کا وزن ایک کلو 360 گرام ہے ، جن کی شناخت علی مراد بھٹی اور قربان گاجانی کے طور پر ہوئی ہے ، گرفتار دونوں اہلکاروں کیخلاف منشیات اسمگلنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔