مصر کے قبرستان سے ہزاروں سال پرانے تابوت اور مجسمے برآمد

قاہرہ کے قریب کام کرنے والے ماہرین آثارِ قدیمہ نے سینکڑوں کی تعداد میں قدیم مصری تابوت اور دیوتاؤں کے مجسمے برآمد کیے ہیں۔

مصر کی وزارت سیاحت اور نوادرات کے مطابق، یہ سامان سقارا کے علاقے میں واقع قبرستان سے برآمد کیا گیا ہے۔

برآمد شدہ سامان میں 250 تابوت، 150 کانسی کے مجسمے اور دیگر اشیا موجود ہیں جو اندازاً 500 قبل مسیح کے زمانے کی ہیں۔

اس سامان میں موسیقی کے آلات اور دیوتا کی پرستش میں استعمال ہونے والی اشیا بھی شامل ہیں۔

روغن شدہ لکڑی کے تابوت کھدائی کے دوران پائے گئے، جس میں ہنوت شدہ لاشیں موجود تھیں۔
ایک تابوت سے بہت اچھی حالت میں صفحات نکلے ہیں، جن پر علامتی زبان میں تحریر درج ہے، ان صفحات کو تحقیق کے لیے قاہرہ کے میوزیم میں بھیج دیا گیا ہے۔

کاسمیٹکس کا کچھ سامان بھی برآمد ہوا جس میں کاجل کی شیشیاں، بریسلٹ اور کانوں کی بالیاں شامل تھیں۔

یہ تابوت رونمائی کے لیے’گرینڈ ایجپشن میوزیم‘ میں منتقل کیے جائیں گے، یہ عظیم الشان میوزیم اس وقت زیر تعمیر ہے اور رواں سال کے آخر میں اسے کھولا جائے گا۔