کیریئر کی ابتدا میں مسترد کردیا گیا تھا، راجپال یادیو

بالی ووڈ کے معروف اداکار راجپال یادیو نے کہا کہ ان کے کیریئر کی ابتدا میں فلموں کے لیے کاسٹ کرنے والی ایجنسیاں انہیں مسترد کردیتی تھیں۔

ہندی فلموں میں گزشتہ دو دہائیوں سے زیادہ عرصے سے اپنی مختلف انداز کی اداکاری بالخصوص مزاحیہ اداکاری کے لیے مشہور 52 سالہ راجپال یادیو نے ایک بھارتی میڈیا ادارے سے گفتگو کے دوران بتایا کہ 90 کے عشرے کے اواخر میں جب وہ یو پی سے ممبئی آئے تو انہیں خاصی مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔

2000 میں بننے والی فلم جنگل میں ایک منفی کردار ادا کرنے پر انہیں بیسٹ پرفارمنس فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ آج تو سوشل میڈیا کا دور ہے لیکن 22 برس قبل ایسا کچھ بھی نہیں تھا، ہم اپنی تصاویر لے کر ایک سے دوسرے آفس جایا کرتے اور کام مانگتے، اکثر لوگ کام دینے کا وعدہ تو کرتے لیکن کام نہیں دیتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ممبئی میں آنے کے ڈیڑھ ماہ بعد تک انہیں کام نہیں ملا اور میں نے اپنے دوست کو بتایا کہ اب تک کچھ نہیں ہوا ہے۔ اس پر مجھے اندازہ ہوا کہ یہاں کسی کو منع نہیں کیا جاتا لیکن تصویر دیکھ کر کام بھی نہیں دیا جاتا تھا۔