دھانی کی سیلیبریشن تھوڑی زیادہ ہوجاتی ہے: شاہد آفریدی

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ ملتان سلطانز میں شامل فاٹ بولر شاہنواز دھانی کی وکٹ لینے پر سیلیبریشن تھوڑی اوور (زیادہ) ہوجاتی ہے۔

انہوں نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ شاہنواز دھانی سے میں زیادہ خوش نہیں ہوں، دھانی ابھی تک اپنی پرفارمنس میں کوئی بہتری نہیں لائے۔
شاہد آفریدی نے دھانی کی حالیہ دنوں میں جشن کے اسٹائل پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دھانی کی سیلیبیریشن تھوڑی زیادہ ہے، یہ ساری چیزیں تب اچھی لگتی ہیں جب آپ پرفارمنس دے رہے ہو۔

مایہ ناز آل راؤنڈر نے یہ بھی کہا کہ پہلے کچھ حاصل کرلو پھر ایسے جشن کے اسٹائل اپناؤ۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پتا نہیں کیوں کھلاڑی ٹک ٹاک کی دنیا میں چلے جاتے ہیں۔

شاہد آفریدی نے ساتھ ہی اسلام آباد یونائیٹڈ میں شامل موسیٰ خان کو بھی مشورہ دیا کہ وہ ٹک ٹاک چھوڑ کر اپنی کارکردگی پر دھیان دیں۔