بھارتی سرکاری افسر کی سبزی بیچنے کی دلچسپ وجہ سامنے آ گئی

بھارتی ریاست اتر پر دیش میں بھارتی افسر کے سبزی بیچنے کی دلچسپ وجہ سامنے آ گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر بھارتی سرکاری افسر اکھیلیش مشرا کی ایک مصروف سڑک پر سبزی بیچتے ہوئے تصویریں وائرل ہو گئی تھیں جس کے پیچھے چھپی دلچسپ کہانی اب سرکاری آفیسر کی جانب سے سوشل میڈیا ایپ فیس بُک پر اپنی ایک پوسٹ کے ذریعے سنائی گئی ہے۔

بھارتی سرکاری افسر اکھیلیش مشرا نے اپنی فیس بک پوسٹ پر بتایا ہے کہ وہ گزشتہ دنوں سرکاری کام کے سلسلے میں اترپردیش گئے تھے، وہاں بازار سے سبزی خریدنے کے دوران اُنہیں سبزی فروش ضعیف خاتون نے کچھ دیر کے لیے دکان کی دیکھ بھال کا کہا تھا۔

اکھیلیش کے مطابق سبزی فروش ضعیف خاتون اپنے بیٹے کو ڈھونڈنے چلی گئی تھی جو کھیلنے کا کہہ کر گیا تھا مگر واپس نہیں آیا تھا، اس دوران وہ دکان پر بیٹھ گیا تھا اور گاہک آنے کی صورت میں اُسے سبزی دے رہا تھا کہ اُس کے دوست نے تصویر بنا کر اُس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کر دی تھی۔

ہندی میں لکھی گئی پوسٹ میں اکھیلیش مشرا نے مزید کہا ہے کہ اُسے اس واقعے کا معلوم نہیں تھا کہ سبزی بیچتے ہوئے اُس کی تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں، اُس نے اپنی فیس بُک پر لگی پوسٹ کو وائرل ہونے کے بعد دیکھا تھا۔