بچی کی پیدائش تک حمل سے لاعلم رہنے والی ماڈل

آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی ایک ماڈل کو اس وقت زندگی کا سب سے بڑا دھچکا لگا جب اس نے اچانک ٹوائلٹ میں بیٹی کو جنم دے دیا کیونکہ اسے یہ معلوم ہی نہیں تھا کہ وہ حاملہ ہے۔

جی ہاں واقعی، ایسا انوکھا واقعہ پیش آیا ہے اور 23 سالہ ماڈل ایرین لانگ میڈ نے یہ بات ایک انٹرویو کے دوران بتائی۔

انہوں نے بتایا کہ حمل کے دوران سامنے آنے والی نشانیاں جیسے پیٹ نکلنا، صبح طبیعت خراب ہونا، دل متلانا یا کوئی بھی علامت سامنے نہیں آئی جبکہ اس دوران وہ حمل روکنے کے انجیکشن بھی استعمال کرتی رہیں۔

تحریر جاری ہے‎

ان کا کہنا تھا ‘اتنے ماہ تک کچھ بھی نظر نہیں آیا اور جو کچھ ہوا وہ بہت عجیب تھا، میں اب تک شاک میں ہوں، مگر اب یہ زندگی کا حصہ ہے جس کو ہم بدل نہیں سکتے’۔

ماڈل کے مطابق جس دن بیٹی کی پیدائش ہوئی، ان کی طبیعت خراب تھی، مگر انہیں بچی کی ڈرامائی آمد تک احساس ہی نہیں ہوا کہ وہ حاملہ ہیں اور بیٹی کی پیدائش سے 10 منٹ قبل ان کے پیٹ میں بہت شدید تکلیف ہوئی تھی، جس کے بعد وہ ٹوائلٹ گئیں اور وہاں سب کچھ ہوگیا۔

ان کے بوائے فرینڈ ڈینئیل کارٹی کے مطابق ‘میں نے چیخ سنی اور میں بھاگ کر گیا اور بچی کو دیکھا’۔

انہیں فوری احساس ہوا کہ ان کی بیٹی سانس نہیں لے رہی، جس پر ایمرجنسی سروسز سے رابطہ کیا، جن کی مدد سے ننھی بچی کی زندگی بچانے میں مدد ملی۔

طبی ماہرین کے مطابق کچھ خواتین کے ساتھ ایسا ہوتا ہے اور ان میں حمل کی روایتی علامات سامنے نہیں آتیں اور اس کا انحصار جسم میں ہڈیوں کی ساخت پر ہوتا ہے یا جسمانی طور پر بھاری خواتین میں بھی پیٹ نکلنا زیادہ واضح نہیں ہوتا۔

تاہم کروڑوں میں سے کسی ایک خاتون کے ساتھ ہی ایسا ہوتا ہے اور ان میں حمل کی روایتی علامات سامنے نہیں آتیں۔
https://www.dawnnews.tv/news/1114666/
———————————————————–
3 بچوں کو جنم دینے والی خاتون جسے آخر تک حمل کا علم نہیں ہوا
———–
ایک خاتون جب حاملہ ہوتی ہے تو اس کا علم ایک یا دو ماہ بعد ہوجاتا ہے اور بچے کی پیدائش سے دو یا تین مہینے پہلے ارگرد موجود ہر شخص کو ماں کی جسمانی حالت سے یہ معلوم ہوجاتا ہے۔

مگر کیا ایسا بھی ممکن ہے کہ کوئی خاتون ماں بننے والی ہو اور وہ بھی ایک نہیں 3 بچوں کی، اسے پورے آٹھ یا نو ماہ تک علم ہی نہ ہو بلکہ ہسپتال میں کسی اور مرض کے علاج کے لیے جانے پر بچوں کی پیدائش ہوجائے؟

ایسا امریکی ریاست جنوبی ڈکوٹا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کے ساتھ ہوا جو معدے میں شدید تکلیف کے باعث ہسپتال گئی اور اس کا خیال تھا کہ گردے کی پتھری کے باعث اسے سرجری کی ضرورت پڑسکتی ہے، مگر وہاں انکشاف ہوا کہ وہ حاملہ ہے۔

دھنیٹی گیلٹس نامی خاتون کو ماضی میں بھی گردوں میں پتھری کی تکلیف کا سامنا رہ چکا تھا اور یہی وجہ تھی کہ ہسپتال میں اس کے علاج کے لیے گئی مگر وہاں 3 بچوں کو جنم دیا۔

مقامی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے خاتون نے کہا ‘مجھے شدید تکلیف کا احساس ہوا، مجھے لگا کہ یہ گردوں میں پتھری کی وجہ سے ہے کیونکہ مجھے پہلے بھی اس کا تجربہ ہوچکا تھا’۔

ہسپتال میں پیشاب کا ٹیسٹ کرایا گیا اور پھر علم ہوا کہ یہ گردوں میں پتھری نہیں بلکہ وہ 34 ہفتوں کی حاملہ ہیں اور جڑواں بچوں کی پیدائش ہوگی، مگر وہ 3 نکلے۔

تینوں بچوں کی پیدائش 4 منٹ کے اندر ہوئی جو صحت مند تھے اور لوگوں کی جانب سے خاندان کو بچوں کے استعمال کی متعدد اشیا بھی دی گئیں۔

بچوں کی ماں — فوٹو بشکریہ KOTA-TV
اس جوڑے کے پہلے سے 2 بچے تھے اور اب نئے اضافے سے یہ 7 افراد کا خاندان بن گیا۔

خاتون کے مطابق ‘عام طور پر 3 بچوں کی پیدائش قدرتی طور پر حمل ٹھہرنے سے نہیں ہوتی اور پھر 34 ہفتوں تک حمل کا علم بھی نہ ہوا، تو ہر ایک طرح مجھے بھی ڈاکٹروں سے یہ سن کر یقین نہیں آیا، ہم تو اب شاک میں ہیں، مین ڈاکٹر کے پاس گردوں کی پتھری کی سرجری کا سوچ کر گئی اور وہاں لیبروم میں آپریشن سے بچوں کی پیدائش ہوئی’۔

طبی ماہرین کے مطابق کچھ خواتین کے ساتھ ایسا ہوتا ہے اور ان میں حمل کی روایتی علامات سامنے نہیں آتیں اور اس کا انحصار جسم میں ہڈیوں کی ساخت پر ہوتا ہے یا جسمانی طور پر بھاری خواتین میں بھی پیٹ نکلنا زیادہ واضح نہیں ہوتا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ گردوں میں پتھری کی متعدد علامات زچگی سے ملتی جلتی ہیں جس کے دوران پہلو اور کمر میں شدید درد ہوتا ہے جو لہروں کی شکل میں پھیلتا ہے۔
https://www.dawnnews.tv/news/1108999/
—————