پی ایس ایل 2021: یونائیٹڈ کا شیرازہ زلمی کے سامنے 118 رنز پر بکھرگیا

پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 2021 کے دسویں میچ میں پشاور زلمی کے خلاف اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم رواں سیزن کے سب سے کم اسکور 118 رنز پر ڈھیر ہوگئی.

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پی ایس ایل 2021 کے 10 ویں میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے بیٹنگ شروع کی تو وہاب رہاض نے پہلے اوور کی چوتھی گیند پر پہلا میچ کھیلنے والے پال اسٹرلنگ کی وکٹیں بکھیر دیں۔

تحریر جاری ہے‎

الیکس ہیلز اسکور آگے بڑھاتے رہے لیکن دوسرے اینڈ سے بلے باز آؤٹ ہوتے گئے، فل سالٹ صرف 9 رنز بنا سکے تاہم دوسری وکٹ کی شراکت میں اسکور 38 رنز تک پہنچ گیا تھا۔

ثاقب محمود نے پشاور زلمی کے لیے دوسری وکٹ فل سالٹ کو بولڈ کر کے حاصل کی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی تیسری وکٹ عمید آصف نے حاصل کی جب 41 کے مجموعے پر فہیم اشرف 2 رنز بنا کر کوہلر کو کیچ دے بیٹھے۔

کپتان شاداب خان پانچویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے لیکن وہ وکٹوں کے درمیان جھکتے ہوئے رن لینے کی کوشش میں ناکامی کے باعث کریز بدر ہوگئے اور اس وقت ٹیم کا اسکور 7 اوورز میں 55 رنز تھا۔

الیکس ہیلز نے 5 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 27 گیندوں پر 41 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز ضرور کھیلی لیکن ان کے عزائم کو ثاقب محمود نے محمد عمران کے ہاتھوں کیچ کروائے خاک میں ملا دیے۔

مجیب الرحمٰن نے حسین طلعت کو بی آؤٹ کیا جو 22 رنز بنا کر کھیل رہے تھے جبکہ نئے آنے والے بلے باز آصف علی نے چھکا مار دباؤ کم کرنے کی کوشش کی۔

پشاور زلمی کے کپتان اننگز کا 15 واں اوور کرنے آئے تو یونائیٹڈ کا اسکور 6 وکٹوں پر 109 رنز تھا لیکن دونوں اہم وکٹیں حاصل کرتے ہوئے گزشتہ میچ ان کے خلاف کی گئی جارحانہ بیٹنگ کا بدلہ چکایا.

افتخار احمد 15 ویں اوور کی پہلی گیند پر کوہلر کو کیچ دے کر آؤٹ ہوئے اور انہوں نے صرف 7 رنزبنائے تھے.

آصف علی 2 چھکوں کی مدد سے 12 گیندوں پر 19 رنز بنا کر اپنے ارادے ظاہر کر چکے تھے لیکن وہاب ریاض نے اوور کی آخری گیند پر چلتا کردیا.

وہاب ریاض نے زبردست باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور 17 ویں اوور کی تیسری گیند پر حسن علی کو آؤٹ کردیا، وہ 7 رنز پر کھیل رہے تھے اور ٹیم کا اسکور 118 رنز تھا.

ثاقب محمود نے اگلے اوور کی پہلی گیند پر محمد وسیم کی وکٹ حاصل کی تو اسلام آباد کی پوری ٹیم 18 ویں اوور کی پہلی گیند پر ڈھیر ہو چکی تھی.

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس کے بعد کہا کہ ہم ٹرینڈ تبدیل کرنا چاہتے تھے اور ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کرتے تو پہلے بیٹنگ کا ہی موقع ملا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے جس کا دفاع کیا جا سکے۔

وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ پہلے باؤلنگ کرکے ہدف کا تعاقب کریں گے اور ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں رواں سیزن میں پشاور زلمی کا یہ چوتھا جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا تیسرا میچ ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے ابتدائی دونوں میچوں میں کامیابی حاصل کی اور چار پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ پشاور زلمی کو دو فتح اور ایک ناکامی کا سامنا رہا تاہم 4 پوائنٹس کے ساتھ تیسرا نمبر ہے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں:

پشاور زلمی: وہاب ریاض (کپتان)، کامران اکمل، امام الحق، حیدرعلی، شعیب ملک، ٹام کوہلرکیڈمور، شرفین روتھر فورڈ، مجیب الرحمٰن، ثاقب محمود، محمد عمران، عمید آصف

اسلام آباد یونائیٹڈ: شاداب خان (کپتان)، ایلکس ہیلز، فِل سالٹ، حسین طلعت، آصف علی، افتخار احمد، اسٹرلنگ، فہیم اشرف، حسن علی، فواد احمد اور محمد وسیم
————–dawnnews———-
https://www.dawnnews.tv/news/1154874/