محکمہ واٹر بورڈ، من پسند ٹھیکیداروں میں کروڑوں روپے کی ادائیگیاں آبکار ورکرز یونین کے عہدیدار جنید صدیقی، عبدالرشید خان و دیگر نے صحافیوں سے گفتگو


کراچی (خبر نگار) کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر و فنانس کے افسران بھاری نذرانوں کے عیوض 40 کروڑ روپے سے زائد رقم ٹھیکیداروں کو تقسیم کرنے لگے جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کھٹائی میں ڈال دی گئی ہے ان خیالات کا اظہار آبکار ورکرز یونین کے عہدیدار جنید صدیقی، عبدالرشید خان و دیگر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ان کا کہنا تھا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی ماہانہ آمدنی ایک ارب بیس کروڑ روپے سے زائد ہے جبکہ واٹر بورڈ کے ماہانہ اخراجات 60 کروڑ روپے ہیں جس میں افسران و ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں 40 کروڑ روپے پنشن کی مد میں ساڑھے پندرہ کروڑ، ڈیزل و پیٹرول کی مد میں 4 کروڑ روپے، میڈیکل کی مد میں 2 کروڑ روپے، کلورین کی مد میں ڈیڑھ کروڑ روپے ، بل پرنٹ و اشتہارات کی مد میں 90 لاکھ روپے ماہانہ خرچ ہوتے ہیں جو 60 کروڑ روپے بنتے ہیں باقی 40 کروڑ روپے ماہانہ بھاری نذرانوں کے عیوض ٹھیکیداروں میں تقسیم کردیئے جاتے ہیں جبکہ دسمبر 2020ء تک کے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات ایک ارب 23 کروڑ روپے ہیں جن کی ادائیگی کے لئے فنڈز نہ ہونے کے حربے استعمال کئے جاتے ہیں ان کا کہنا تھا کہ کمیشن مافیا افسران اگر صرف 20 کروڑ روپے ماہانہ ہی واجبات کی مد میں اد کریں تو چند ماہ میں ہی ملازمین کے واجبات ادا ہوسکتے ہیں ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر واٹر بورڈ کے ایم ڈی و افسران نے اپنی روش نہ بدلی تو آبکار ورکرز یونین واجبات کی ادائیگی کیلئے عدالتوں کا رخ کرے گی۔

https://www.nawaiwaqt.com.pk/E-Paper/karachi/2021-02-11/page-2/detail-24