یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کا 26واں کانووکیشن2024 یو ایم ٹی کے جوہر ٹاؤن کیمپس لاہور میں منعقد ہوا۔

لاہور (جنرل رپورٹر ) یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کا 26واں کانووکیشن2024 یو ایم ٹی کے جوہر ٹاؤن کیمپس لاہور میں منعقد ہوا۔

اس موقع پر کل 1795 فارغ التحصیل طلباء کو مختلف شعبوں میں ڈگریاں دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق 1257 بیچلرز، 90 ماسٹرز، 400 ایم ایس/ ایم فل اور 48 پی ایچ ڈی کی ڈگریاں دی گئیں۔

مزید برآں، 13 پیٹرنز گولڈ میڈلز، 09 ریکٹرز سلور میڈلز، 04 ریکٹرز اکیڈمک ایکسیلنس ایوارڈز گولڈ میڈلز، 04 سرٹیفیکیٹ آف ایکسیلنس، 03 سرٹیفکیٹ آف میرٹ، 01 یو ایم ٹی بیسٹ ٹیچر ایوارڈ کے ساتھ نقد انعام  100,000 روپے، 07 یو ایم ٹی بہترین سکول ٹیچر ایوارڈز کے ساتھ نقد انعام  25,000 روپے فی کس اور 06 ریسرچ پبلیکیشن ایوارڈز ایم ایس/ایم فل طلباء کے لیے تقسیم کیے گئے۔

کانووکیشن کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد قومی ترانہ پڑھا گیا۔ بانی یو ایم ٹی ڈاکٹر حسن صہیب مراد (شہید) کی یاد میں ان پر فلمائی گئی ڈاکیو مینٹری بھی چلائی گئی۔
 
ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا نے یو ایم ٹی کے 26ویں کانووکیشن میں آئے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے گریجویٹس، ان کے خاندانوں، اور یو ایم ٹی کی فیکلٹی کو دلی مبارکباد پیش کی۔ آئیے ہم والدین، ان کے وژن، کوششوں، قربانیوں کو خراج تحسین پیش کریں جنہوں نے آپ کو یونیورسٹی کی ڈگریوں کے ساتھ دنیا کی 7% خوش قسمت لوگوں کا حصہ بننے کا اعزاز حاصل کروایا ہے۔

ڈاکٹر آصف رضا نے یو ایم ٹی کی قیادت، فیکلٹی، اور انتظامیہ کی غیر متزلزل کوششوں پر روشنی ڈالی جنہوں نے یو ایم ٹی کو پاکستان کی نمبر 1 نجی یونیورسٹی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یو ایم ٹی کم ترقی یافتہ اور دور دراز علاقوں کے طلباء، شہدا کے بچوں، ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے وارڈز، پولیس، اساتذہ اور بہت سے دوسرے لوگوں کو خصوصی وظائف معیاری تعلیم کی فراہمی کر رہے ہیں۔

ریکٹر یو ایم ٹی نے مزید کہا کہ صدیوں کی تاریخ والی یونیورسٹیوں سے مقابلہ کر کے صرف 34 سالوں میں یو ایم ٹی نے خود کو ایک معتبر اور قابل احترام ادارے کے طور پر منوایا ہے۔ ڈاکٹر آصف نے اپنے خطاب کے اختتام پر گریجویٹس پر زور دیا کہ وہ اپنی برادریوں میں مثبت تبدیلی پیدا کرنے اور معاشرے کی بہتری میں بامعنی کردار ادا کرنے کے لیے اپنے علم اور تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔

چیئرمین ILM ٹرسٹ/یو ایم ٹی ڈاکٹر احمد عمر مراد نے یو ایم ٹی کی سینئر مینجمنٹ، گریجویٹس، ان کے والدین اور فیکلٹی کو اس خاص دن پر دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ”علم اور چمکدار مہارتوں سے لیس، آپ کے پاس پاکستان کے روشن مستقبل کی تشکیل کی کلید ہے۔” ڈاکٹر احمد مراد نے کہا کہ  گریجو ایٹس ڈگری حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی حقیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں دنیا میں اپنا اور ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحیح اور غلط کا علم جو ہمارے خالق نے ہم پر ظاہر کیا ہے وہ آپ کا رہنما ہونا چاہیے۔

چیئرمین یو ایم ٹی نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ ہمارے مظلوم بھائی بہن غزہ میں بدترین حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔ غزہ کی صورتحال سے ہمیں سبق سیکھنا چاہیئے کہ ”کبھی بھی اس پر توجہ نہ دیں جو آپ کے پاس نہیں ہے کیونکہ یہ ہمیں ترقی کرنے سے روکتا ہے۔ تو بس اللہ کی تمام نعمتوں کا شکر ادا کریں اور عوامی خدمت اور قوم کی تعمیر و ترقی کا بہترین ذریعہ بنیں۔

تقریب میں صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد، چیئرمین ILM ٹرسٹ/یو ایم ٹی ڈاکٹر احمد عمر مراد، ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا، چیف ایڈوائزر برائے انوویشن \ ڈائریکٹر اورک یو ایم ٹی پروفیسر عابد شیروانی،ڈی جی یو ایم ٹی احمد عبداللہ نے گریجوایٹس کو گولڈ میڈلز، سرٹیفکیٹس اور ڈگریاں تقسیم کیں۔ اس موقع پر رجسٹرار یو ایم ٹی راجہ محمد ناصر خان بھی موجود تھے۔

صدریو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد اور ریکٹر یو ایم ٹی ڈاکٹر آصف رضا نے چیئرمین ILM ٹرسٹ/یو ایم ٹی ڈاکٹر احمد عمر مراد کو سووینئر پیش کیا۔