سعودی عرب خطے کا سب سے بڑا واٹر تھیم پارک بنائے گا

سعودی عرب کی قدیہ انوسٹمنٹ کمپنی نے اپنے سکس فلیگ قدیہ سٹی منصوبے کے تحت خطے کا سب سے بڑا واٹر تھیم پارک بنانے کا اعلان کیا ہے۔

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، قدیہ انوسٹمنٹ کمپنی کو امید ہے کہ ’ایکواریبیا (Aquarabia)‘ واٹر تھیم پارک اپنے 22 پُرکشش مقامات اور پانی کے زبردست تجربات سے دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ واٹر پارک کے پرکشش مقامات میں دنیا کا پہلا ڈبل ​​واٹر لوپ، سب سے اونچی جمپ کے ساتھ سب سے اونچا واٹر کوسٹر، سب سے لمبا اور سب سے اونچا واٹر ریسنگ ٹریک اور سب سے اونچی واٹر سلائیڈ شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، اس پارک میں پانی کے اندر ایڈونچر ٹرپ بھی کیا جا سکے گا جس میں ایڈونچر کے شوقین افراد کو پانی کے کھیلوں جیسے کہ رافٹنگ، کیکنگ، کینوئنگ، مفت سولو کلائمبنگ، اور کلف جمپنگ سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
اس کے علاوہ، یہ پارک سعودی عرب میں پہلا سرفنگ پول متعارف کروائے گا، جس کے ڈیزائن کی تھیم قدیم صحرائی پانی کے چشموں اور قِدّیہ کی جنگلی حیات کے عناصر پر مبنی ہوگی۔
پائیداری کو ذہن میں رکھتے ہوئے یہ واٹر پارک ایسے جدید نظاموں کو نافذ کرے گا جو پانی کے ضیاع کو 90 فیصد تک کم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہوں گے اور ان میں توانائی کا استعمال بھی کم ہوگا۔

سکس فلیگ قدیہ سٹی اور واٹر تھیم پارک کو ممکنہ طور پر 2025ء میں کھولا جائے گا۔