ترقی پسند پارٹی کا مہنگائی، بیروزگاری، بدامنی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں سندھ ترقی پسند کی جانب سے ”آئیں سندھ کو سنواریں“ کے عنوان کے تحت ایک احتجاجی جلوس

جیکب آباد : رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
ترقی پسند پارٹی کا مہنگائی، بیروزگاری، بدامنی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں سندھ ترقی پسند کی جانب سے ”آئیں سندھ کو سنواریں“ کے عنوان کے تحت ایک احتجاجی جلوس شہید اللہ پارک سے مرکزی وائس چیئرمین جام عبدالفتاح سمیجو، نثار کیریو، عبدالرزاق لاشاری، عبدالستار جاگیرانی، نظام مستوئی، عبدالنبی مگسی کی قیادت میں نکالا گیا، مظاہرین نے جلوس نکال کر شہر کی مختلف شاہراہوں پر مارچ کیا اور پریس کلب کے سامنے پہنچ کر دھرنا دیا جس کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی، اس موقع پر مرکزی رہنما جام عبدالفتاح سمیجو اور دیگر نے کہا کہ سندھ میں لاقانونیت ہے امن و امان کی صورت خراب ہے، اغوا، ڈکیتی، لوٹ مار اور قتل کے واقعات روز کا معمول بن چکے ہیں، کچے اور پکے میں ڈاکوؤں کا راج قائم ہوچکا ہے جس نے سندھ کے عوام کا جینا محال کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ پریا کماری تین سالوں سے ڈاکوؤں کی قید میں ہے لیکن سندھ پولیس معصوم بچی کو بازیاب کرانے میں سنجیدہ نہیں، انتخابات میں کچے کے ڈاکوؤں نے پکے کے ڈاکوؤں کی حمایت کی آج سندھ کے باسی اسی وجہ سے بدامنی کی لپیٹ میں ہیں، انہوں نے کہا کہ بیروزگاری کے باعث نوجوان اور پڑھا لکھا طبقہ ملک چھوڑنے پر مجبور ہوگیا ہے سندھ کے وسائل پر غیر مقامی لوگ قابض ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے سندھ کے نوجوان بیروزگارہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ سندھ میں امن امان بحال کرکے اغوا ہونے والے تمام مغویوں کو بازیاب کرایا جائے بصورت دیگر سندھ حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کا اعلان کرکے حکمرانوں کا گھیراؤ کریں گے۔

جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد پولیس کا جرائم پیشہ افراد کے خلاف گرینڈ آپریشن، ڈاکوؤں کے متعدد ٹھکانے مسمار و نذر آتش، 20 سے زائد مشتبہ افراد گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں ایس ایس پی سید سلیم شاہ کی نگرانی میں تھانہ مولاداد اور تھانہ بقا محمد کی پولیس نے دادپور جاگیر کے علاقے میں جرائم پیشہ اور اشتہاری مجرموں کی گرفتاری کے لیے گرینڈ آپریشن کیا، آپریشن میں بکتر بند گاڑیاں، ای پی سی چین اور پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا، ایس ایس پی سید سلیم شاہ کے مطابق ڈکیت گینگ کے 10 لاکھ انعام یافتہ ستارو جکھرانی اور اس کے ساتھیوں یارو جکھرانی، امتو جکھرانی، ضمیر جکھرانی و دیگر کی گرفتاری کے لیے آپریشن کیا جارہاہے، ڈکیت ملزمان قتل، ڈکیتی، پولیس مقابلے سمیت دیگر سنگین مقدمات میں پولیس کو مطلوب ہیں، آپریشن کے دوران 20 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، آپریشن کے دوران ڈکیت ملزمان اور ان کے سہولت کاروں کے گھروں اور کمین گاہوں کو مسمار کرکے نذر آتش کیا گیا، ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ ضلع میں امن و امان کی بحالی تک آپریشن جاری رہے گا۔

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد میں مسلح افراد نے موٹر سائیکل چھین لی، خارانی برادری کا احتجاجی دھرنا، ٹائر نذر آتش۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے صدر تھانہ کی حدود واٹر فلٹر پلانٹ کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے ن لیگ کے رہنما عبدالغفور خارانی کے بیٹے مطیع اللہ سے اسلحہ کے زور پر موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوگئے، واقعے کے خلاف خارانی برادری کے درجنوں لوگوں نے بائے پاس پر دھرنا دیکر روڈ بلاک کردیا اور ٹائروں کو نذر آتش کرکے پولیس کے خلاف نعریبازی کی، اس موقع پر مظاہرین نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال خراب ہے لیکن پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کرکے شہر میں امن و امان بحال کیا جائے۔

جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد میں فرج میں گیس بھرتے ہوئے کمپریسر دھماکے سے پھٹ گیا، 2 افراد زخمی۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں درگاہ پیر بخاری کے قریب فرج میں گیس بھرنے کے دوران کمپریسر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں دو افراد امام علی منگی اور غلام رسول شدید زخمی ہوگئے علاقہ مکینوں نے زخمیوں کو چنگچی رکشہ کے ذریعے سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جمعیت علماء اسلام کی جانب سے ایک عظیم الشان سیرت النبی ﷺکانفرنس 11 مئی کو جے یو آئی کے ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری کی صدارت میں جانی دیرو چوک نزد پولیس ہیڈ کوارٹر جیکب آباد میں ہوگی جس میں نامور علماء مولانا اسداللہ کھڑو آف بھٹ شاہ، سید حبیب اللہ آف خانپور، ختم نبوت کے رہنما مولانا تاج محمد چنا، مولانا غلام شبیر شیخ، مولانا عبدالوحید پہوڑ نعت خوان سانول میرالی، محمد الیاس انڑ اور دیگر بھی شرکت کر رہے ہیں۔ جلسے کی کامیابی کے لیے انتظامیہ کمیٹی کا اجلاس انصاری ہاؤس میں ہوا جس میں عبدالغفار بروہی، تاج محمود امروٹی، شہزور ابڑو، بقا محمد چھجن، نور خان چھجن اور دیگر نے سیرت النبی ﷺ کانفرنس میں عوام کو بھرپور شرکت کی دعوت دی ہے۔

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد میں نامعلوم چور مندر سے قیمتی سامان لے اڑے۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے سٹی تھانہ کی حدود میں واقع گرریوا چند مندر سے نامعلوم چور 10 لاکھ مالیت کے جنریٹر کا سامان، دیگیں، چولہے اور دیگر سامان لے اڑے، مندر سے سامان چوری ہونے کے خلاف مندر انتظامیہ نے احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ چوری کیا گیا سامان برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کیا جائے۔