پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ اینڈ ایم یو جے کا ڈویژنل اجلاس اور صحافیوں میں “ہیلتھ انشورنس کارڈز” کی تقسیم کی خصوصی تقریب زیر ضلعی ہیڈ کوارٹر کے مقامی ہوٹل میں سینئر صحافی اور مرکزی نائب صدر پی ایف یو جے۔ جنید احمد خانزادہ کی زیر صدارت منعقد ہوئی،

میرپورخا== تحسین احمدخان === . پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ اینڈ ایم یو جے کا ڈویژنل اجلاس اور صحافیوں میں “ہیلتھ انشورنس کارڈز” کی تقسیم کی خصوصی تقریب زیر ضلعی ہیڈ کوارٹر کے مقامی ہوٹل میں سینئر صحافی اور مرکزی نائب صدر پی ایف یو جے۔ جنید احمد خانزادہ کی زیر صدارت منعقد ہوئی، تقریب میں اعزازی مہمان حیدرآباد یونین آف جرنلسٹ کے صدر آفتاب میمن، ٹنڈوالہیار یونین جرنلسٹ کے صدر مستجاب الرحمن، ٹنڈوالہیار پریس کلب کے صدر عبدالرشید جعفری تھے، اجلاس میں سال 2024ء کے لئے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس میرپورخاص ڈویژن کے ڈویژنل عہدے داروں کے الیکشن کے نتائج کا اعلان بھی کیا گیا، جس کے مطابق بلا مقابلہ صدر قمرالدین شیخ (میرپورخاص) سینئر نائب صدر اشفاق احمد اشفی(ڈگری)۔نائب صدر شوکت اسلام ( کنری) جنرل سیکرٹری ایم اے رحمانی(میرپورخاص)۔جوائٹ سکریٹری سید محمد علی ہاشمی ( ڈگری)۔ فنانس سیکرٹری سلیم شیخ ۔ اطلاعات سیکرٹری محمد حیات قریشی،
آ فس سیکرٹری سرفراز ہیکٹر۔ جبکہ گورننگ کمیٹی کے لیے میرپورخاص سے خلیل احمد غوری، خلیل الله خان، ایم اے بابر،جھڈو سے خالد صدف، سہیل احمد ۔کنری سے فتح روز خان،اور مٹھی سے ساجد بجیر منتخب ہوئے۔تقریب سے پی ایف یو جے کے مرکزی نائب صدر جنید احمد خانزادہ، نو منتخب ڈویژنل صدر قمر الدین شیخ،اور سلیم شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بڑا تاریخی دن ہے۔جس میں ضلعی ہیڈ کوارٹر میں پہلی بار ضلع اور ڈویژن کے صحافیوں کے لیے عملی کام کیا جا رہا ہے، پہلے مرحلے میں ڈویژن بھر کے “پی ایف یو جے” کے ممبران کو سالانہ فی الحال دو لاکھ روپے کی ہیلتھ انشورنس کے کارڈز دے رہے ہیں، جس کی رقم مزید بڑھائی جائے گی ۔ جبکہ دوسرے مرحلے میں عنقریب لمس کی لیبارٹری ٹیسٹ کے لئے ممبرز صحافیوں کی پوری فیملی کے لیے 60 فیصد رعایت کے کارڈز بھی دیئے جا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ جو کام پریس کلبوں اور ان کے میڈیا ہاؤسز کو اپنے ممبران کے لیے کرنا تھا وہ کام پی ایف یو جے مرکزی صدر جی ایم جمالی اور سیکرٹری جنرل رانا عظیم کی قیادت میں کر رہی ہے، تقریب سے ڈائریکٹر انفارمیشن رضا کھوسو، پی ایف یو جے کے نومنتخب سینئر نائب صدر اشفاق احمد اشفی، ڈویژنل جنرل سکریٹری ایم اے رحمانی، آفاق احمد خان۔ عبدالرشید جعفری۔ شوکت اسلام۔ اظہر جمیل آرائیں اور دیگرصحافیوں نے بھی خطاب کیا، تقریب کے دوران سکھر کے صحافی جان محمد مہر شہید،جھڈو کے صحافی زبیر احمد مجاہدشہید اور دیگر صحافیوں کے قاتلوں کی عدم گرفتاری پر مذمتی قرارداد منظور کرتے ہوئے شہید صحافیوں کے لیے دعائے مغفرت بھی کی گئی، آخر میں سکھر کے صحافی جان محمد مہر کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے احتجاج بھی کیا گیا***
=========================

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں ہونے والے آئندہ عام انتخابات کے لیے انتخابی نشانات کی فہرست تیار کرلی، انتخابی نشانات کی فہرست آئندہ ہفتے جاری ہوگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے 8 فروری کو ہونے والے الیکشن کے لیے انتخابی نشانات کی فہرست تیار کرلی گئی ہے، اس لسٹ میں سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کیلئے 327 انتخابی نشان شامل ہیں، فہرست میں عقاب، تیر، شیر، بلا، تلوار اور کرین کے نشان موجود ہیں، اس کے علاوہ کار، جیپ، بلب، بطخ، فاتحہ اور پھول کا انتخابی نشان بھی شامل ہے جب کہ صابن دانی، تھرماس، سرمہ دانی بھی انتخابی فہرست میں موجود ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کیلئے نئی حلقہ بندیوں کی حتمی فہرستیں بھی تیار کرلی ہیں، ذرائع الیکشن کمیشن بتاتے ہیں کہ صوبہ پنجاب میں آئندہ عام انتخابات کے دوران قومی اسمبلی کی کل 141 نشستیں ہوں گی اور صوبائی اسمبلی کی کل نشستیں 297 کردی گئی ہیں، صوبائی دارالحکومت لاہور میں قومی اسمبلی کی کل نشستیں 14 ہوں گی جن میں قومی اسمبلی کی نشستیں این اے 117 سے این اے 130 تک ہوں گی۔

ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ لاہور میں صوبائی اسمبلی کی کل نشستیں 30 ہوں گی جو پی پی 144 سے لے کر پی پی 173 تک ہوں گی، الیکشن کمیشن کی طرف سے حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 30 نومبر کو جاری کی جائے گی۔ معلوم ہوا ہے کہ الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات میں پاک فوج کی تعیناتی کا بھی فیصلہ کیا ہے، پولنگ اسٹیشن پر پولیس نفری کی قلت کے باعث پاک فوج کو تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے لیے الیکشن کمیشن نے آئندہ عام انتخابات میں سکیورٹی سے متعلق وزرات داخلہ سے جامع رپورٹ طلب کی ہے، اس سلسلے میں لکھے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 27 نومبر تک چاروں صوبوں اور اسلام آباد کے لئے سکیورٹی اہلکاروں کی دستیابی سے متعلق رپورٹ دی جائے، اس کے ساتھ دستیاب سکیورٹی اہلکاروں کی کل تعداد اور پلان بھی ارسال کریں کیوں کہ وفاق اور صوبے آئینی طور پر الیکشن کمیشن کی معاونت کے پابند ہیں اور تمام حلقوں میں امن وامان کی صورتحال بہتربنانا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے۔
====================

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر ایڈوکیٹ شیر افضل مروت، سابق رکن اسمبلی فضل حکیم سمیت دیگر کے خلاف ورکرز کنونشن کے انعقاد پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے دیر بالا کے علاقے کوٹکے صاحب آباد میں ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا، اس دوران کارکنان اور پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں، ورکرز کنونشن سے عمران خان کے وکیل اور پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر شیر افضل مروت نے خطاب کیا۔
بتایا گیا ہے کہ دیر بالا میں ورکرز کنونشن کے دوران پولیس کے ساتھ جھڑپ کے معاملے پر پی ٹی آئی کے مرکزی نائب صدر شیر افضل مروت، سابق ایم پی اے فضل حکیم اور دیگر کے خلاف تھانہ واڑی میں پی پی سی 188 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

ادھر دیر بالا میں پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز کنونشن پر پولیس کی فائرنگ سے کارکن کے زخمی ہونے کے معاملے پر پی ٹی آئی کی جانب سے پرامن سیاسی اجتماع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی فائرنگ کی شدید مذمت کی گئی، چیف جسٹس آف پاکستان سے پرامن سیاسی سرگرمیوں کو خون میں نہلانے والے ریاستی عناصر کے خلاف کڑی کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔

ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ تحریک انصاف کو انتخابی عمل سے باہر رکھنے کیلئے الیکشن سے قبل جان بوجھ کر پرتشدد کارروائیوں کے ذریعے حالات کو انتشار کی جانب دھکیلا جا رہا ہے، پاکستان کو اس وقت امن کی ضرورت ہے ملکی حالات کسی قسم کے عدم استحکام کے متحمل نہیں ہو سکتے، تحریک انصاف مکمل طور پر پُرامن جماعت ہے جس کی تمام سیاسی سرگرمیاں آئین و قانون کے دائرے میں ہیں۔
تحریک انصاف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان مراسلہ بازی سے آگے بڑھ کر لیول پلئینگ فیلڈ کو یقینی بنانے کیلئے مؤثر عملی اقدامات اٹھانے میں ناکام ہے، چیف جسٹس ملک میں جاری ریاستی دہشتگردی کا فوری نوٹس لیں اور ریاستی قوت اور اسلحے کے پرامن اور نہتّے شہریوں کیخلاف استعمال کئے جانے کیخلاف اقدام کریں، تحریک انصاف کو پرامن سیاسی سرگرمیوں سے روکنے اور شہریوں پر گولیاں برسانےوالوں کے خلاف فوری سخت کارروائی کی جائے۔

https://www.youtube.com/watch?v=ak0DHASC