امریکی شہری نے بچپن سے اب تک 70 ہزار پنسلیں اکٹھی کرلیں

امریکی ریاست آئیوا میں ایک شخص پنسلیں اکٹھی کرنے کا ریکارڈ بنانے کی جانب گامزن ہے۔

کولفیکس شہر سے تعلق رکھنے والا ایرن بارتھولمولی بچپن سے لکڑی کی بنی پنسلیں اکٹھی کر رہا ہے۔

ایرن کا دعویٰ ہے کہ اس کے پاس 70 ہزار سے زائد پنسلیں ہیں، یہ تعداد گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں پنسلوں کے ذخیرے کے ریکارڈ سے تین گنا زائد ہے۔

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق سب سے زیادہ پنسلیں رکھنے کا ریکارڈ یوروگوئے کے ایمیلیو اریناس کے پاس ہے، اس کے پاس 24 ہزار پنسلیں ہیں۔

ایرن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سب سے قیمتی پنسلیں وہ ہیں جو اس کے اپنے شہر کی ہیں، بعض کمپنیوں کی پنسلیں تو اس بات کا ثبوت ہیں کہ اس نام کی کوئی کمپنی بھی کبھی وجود رکھتی تھی کیونکہ ان میں سے بیشتر کمپنیاں اب بند ہوچکی ہیں۔

دو ہفتے قبل امریکی پنسل کلیکٹر سوسائٹی کے ارکان ایرن کی پنسلیں گننے کیلئے گئے تھے۔

اب ایرن کو انتظار ہے کہ اس کے ذخیرے کی منظوری دے دی گئی ہے یا نہیں، یہ مرحلہ تین ماہ میں مکمل ہوگا۔