پاکستان میں قطر کے سفارتخانے کی نمائندگی کرنے والے ترکی المصفری اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کے صدر ابراہیم حسن مراد کے درمیان اہم ملاقات یو ایم ٹی میں ان کے آفس میں ہوئی۔

لاہور ( جنرل رپورٹر ) پاکستان میں قطر کے سفارتخانے کی نمائندگی کرنے والے ترکی المصفری اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کے صدر ابراہیم حسن مراد کے درمیان اہم ملاقات یو ایم ٹی میں ان کے آفس میں ہوئی۔

ملاقات میں پاکستان -قطر تعلقات کو مضبوط بنانے، باہمی فائدے کو فروغ دینے، اعلی تعلیم کے فروغ اور برادرانہ تعلقات کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے معیاری تعلیم تک رسائی کو بہتر بنانے، ثقافتی اور علمی تبادلے پر بھی روشنی ڈالی۔
 
 صدر یو ایم ٹی ابراہیم مراد نے جناب ترکی المصفری کو یو ایم ٹی میں خوش آمدید کہا۔ یونیورسٹی کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے ابراہیم مراد نے بتایا کہ قطر کے طلباء یو ایم ٹی میں اسکالرشپ پر معیاری اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم معیاری تعلیم، ثقافتی اقدار اور فکری تبادلے کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں گے۔ سابق صوبائی وزیر نے خطے کے عوام کی ترقی اور بہتری کے لیے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

قطری سفارتخانے کی نمائندگی کرنے والے ترکی المصفری نے صدر یو ایم ٹی ابراہیم مراد کی نوجوان قیادت اور متحرک وژن میں طلباء کو فراہم کی جانے والی معیاری تعلیمی خدمات کو خوب سراہا۔ انکا کہنا تھا کہ اقدار اور مستقبل کے لیے بہتر وژن بلاشبہ ہمیں اہم پیش رفت کی طرف لے جائے گا۔ ترکی المصفری نے اس بات کا بھی اظہار کیا کہ یو ایم ٹی جیسے بہترین تعلیمی ادارے کے ساتھ مل کر کام کرنا خوشی کی بات ہے۔ باہمی تعاون سے تعلیمی فضیلت اور ثقافتی افہام و تفہیم کے فروغ سے ترقی کے نئے مواقع بھی پیدا ہونگے۔  

 ملاقات کے اختتام پر صدر یو ایم ٹی ابراہیم مراد نے ترکی المصفری کو سووینئر بھی پیش کیا۔
==================

لاہور(جنرل رپورٹر)پی آئی ٹی بی کی محکمہ معدنیات پنجاب کیلئے وضع کردہ چیف انسپکٹریٹ آف مائنز ایپ کے تحت اب تک 3 ہزار سے زائد معدنی ذخائر کی جیو ٹیگنگ کی جا چکی ہے جبکہ 7 مختلف ریجنز میں 14 انسپیکٹرز کی جانب سے 1000 سے زائد انسپیکشنز کی جا چکی ہیں۔ یہ بات چیئرمین پی آئی ٹی بی فیصل یوسف کی زیرِ صدارت اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قاسم افضال، ڈائریکٹر عاطف حسین ودیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پی آئی ٹی بی نے محکمہ معدنیات کو تمام معدنی کانوں کی جگہوں کو ڈیجیٹائز کرنے اور موبائل فون کے ذریعے پیپر لیس ماحول میں معائنہ کرنے کی سہولت فراہم کی ہے۔ اس کے علاؤہ یہ سسٹم معدنی کان پہ موجود ایمرجنسی ریسکیو آلات کی موجودگی کو ٹریک کرنے میں بھی محکمہ کو سہولت فراہم کر رہا ہے۔ اس موقع پر پی آئی ٹی بی چیئرمین فیصل یوسف نے کہا کہ سسٹم کے تحت کان کنی کے نظام کو مزید آسان اور ڈیجیٹل بنایا گیا ہے جس سے کان کنی کے قوانین کی خلاف ورزی کی آن لائن طریقے سے نگرانی کی جاتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایپ کے ذریعے حادثات کی بروقت اطلاع کی سہولت بھی دی گئی ہے۔
===================

لاہور(جنرل رپورٹر)لاہورتعلیمی بورڈز میں ہائر سیکنڈری اسکول پہلا سالانہ امتحان 2024 پارٹ ون کا کل سے اغاز ہوگا جس میں 167114 امیدواران شرکت کررہے ہیں جن میں87779 لڑکے اور 106878 لڑکیاں شامل ہیں جس میں سائنس گروپ کے 98293 امیدوار جبکہ آرٹس گروپ کے 68821 امیدوار امتحان میں حصہ لے رہے ہیں امیدواران کی سہولت کیلئے 567 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں سینٹرز میں وزٹ کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جس میں 111 موبائل انسپیکٹرز 89 ڈی آئیز شامل ہیں کمشنر لاہور ڈویژن/ چیئرمین لاہور بورڈ نے تمام سپریٹنڈنٹ کو ہدایات جاری کی کہ ہر صورت میں امیدواران کی کٹ لسٹ کے مطابق شناخت کو یقینی بنایا جائے تاکہ جعلی امیدواروں کا خاتمہ ہو سکے نقل کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے گئے ہیں امتحانات میں نقل کی روک تھام کے لئے خصوصی سکواڈ تشکیل دیئے گئے ہیں سینٹرز میں تمام سرکاری انویجیلیٹرز امتحان لے رہے ہیں سینٹرز میں کسی بھی پرائیویٹ افراد کا داخلہ سختی سے ممنوع ہے امتحانی سینٹرز کے اطراف میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔
===================

لاہور(مدثر قدیر)سر گنگا رام ہسپتال میں سی ٹی سکین مشین کو بحال کر دیا گیا تفصیلات کے مطابق کچھ عرصہ قبل تعمیراتی کام کی وجہ سے سی ٹی اسکین مشین کو عارضی طور پر بند کیا گیا تھا جس کی وجہ سے مریضوں کو اپنے ٹیسٹوں کے ضمن میں دیگر ہسپتالوں سے رجوع کرنا پڑرہا تھاترجمان گنگا رام ہسپتال اشفاق بھٹی کے مطابق ایم ایس پروفیسر معین الدین کی خصوصی ہدایت پر تعمیراتی کام کو دنوں میں مکمل کرکے سی ٹی اسکین مشین کو مریضوں کے لئے بحال کر دیا گیا ہے اور آنے والے دنوں میں ایم آئی آر کو بھی فنکشنل کرکے مریضوں کی سہولت کے لیے کھول دیا جائے گا.

صوبائی وزیرمحکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق آپریشن تھیٹرز پر جاری پیش رفت کا جائزہ لینے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پہنچ گئے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے زیر تکمیل موڈیولر تھیٹرز کا دورہ کرکے جاری پیش رفت کا جائزہ لیا۔اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر انجم جلال، ایم ایس پی آئی سی ڈاکٹر شعیب اسلم، ڈاکٹر عامر بندیشہ، ڈاکٹر عمران شاہ اور کنٹریکٹرز موجود تھے۔صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کنٹریکٹرز کو باقی موڈیولر تھیٹرز کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ پی آئی سی میں مریضوں کی آسانی کیلئے موڈیولر تھیٹرز کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کروایا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی جانب سے امراض قلب، ہیپاٹائٹس اور ٹی بی کا شکار مریضوں تک گھر مفت ادویات کی فراہمی کا منصوبہ انتہائی شاندار اور تاریخی ہے جس سے نظام صحت میں ضرور بہتری آئے گی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ نظام صحت کی بہتری کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ موڈیولر تھیٹرز کے بعد مریضوں کی سرجریز کرنے کی صلاحیت میں اضافہ انتہائی خوش آئند ہے۔

پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف اسلامک سٹڈیزکے زیر اہتمام ایلومینائی علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی کو حکومت پاکستان کی طرف سے ستارہ امتیازملنے پر تقریب پذیرائی کا انعقاد کیا گیاجس میں وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر خالد محمود، ڈین فیکلٹی آف علوم اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر محمد حماد لکھوی، ڈاکٹر سعید احمد، فیکلٹی ممبران اور طلباؤطالبات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے جامعہ نعیمیہ کے سربراہ مولانا راغب حسین نعیمی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر راغب نعیمی کی خدمات کی پذیرائی ہم پر ایک قرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی اداروں میں سلجھاؤ کے لئے ڈاکٹر راغب نعیمی نے بہت وقت دیاجو قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر راغب نعیمی اور ان کے خاندان نے مسلمانوں میں اتحاد پیدا کرنے کے لئے قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر راغب نعیمی کی زندگی ہم سب کے لئے روشن مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی پنجاب یونیورسٹی شعبہ علوم اسلامیہ سے پی ایچ ڈی کررکھی ہے اور سینڈیکیٹ، سلیکشن بورڈسمیت کئی کمیٹیوں کے ممبر بھی ہیں۔ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے کہا کہ اپنی مادر علمی سے پذیرائی ملنابہت بڑے اعزازکی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ نعیمیہ کی کامیابی کا سفر مولانا حسین نعیمی سے شروع ہوا۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ نعیمیہ کے قیام میں مولانا حسین نعیمی کا خون و پسینہ شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا حسین نعیمی و مولانا سرفراز نعیمی نے ظالم حکمرانوں کے سامنے آواز بلند کر کے قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا حسین نعیمی و مولانا سرفراز نعیمی نے بین المسالک ہم آہنگی کوفروغ دیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک طالبان کی دہشت گردی کے خلاف فتوی دینے پر مولانا سرفراز نعیمی کو شہیدکر دیا گیا۔ انہوں نے اپنے معاملات اعتدال و خلوص کے ساتھ نمٹانے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ جامعہ نعیمیہ نے ایک ہزار سے زائد درس نظامی کے گریجوایٹس پیدا کئے ہیں جبکہ 15 مفتیان کرام جامعہ نعیمیہ سے فارغ التحصیل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ نعیمیہ میں اعتدال کے راستے کو فروغ دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف اسلامک سٹڈیز کا احسان ہے جس کے اساتذہ کی محنت کے باعث یہاں تک پہنچا۔پروفیسر ڈاکٹر محمد حماد لکھوی نے کہا کہ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کی دین کے لئے خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ تقریب پذیرائی کیلئے تعاون پر وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودکے شکر گزار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی اسلامک سٹڈیز کے سابق طالبعلم کو ستارہ امتیاز ملنا ادارے کیلئے خوشی کی بات ہے۔