بھارت: 90 فٹ لمبا 6 ہزار کلو وزنی لوہے کا پل چوری

بھارتی شہر ممبئی میں 90 فٹ لمبا اور 6 ہزار کلو گرام وزنی لوہے کا ایک پل چوری ہوگیا، جس کے ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق مذکورہ پل ممبئی کے مغربی مضافاتی علاقے میں نالے پر رکھا گیا تھا جسے بڑی تاروں کو منتقل کرنے کےلیے بنایا گیا تھا۔

بنگور نگر پولیس اسٹیشن کے ایک اہلکار نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ نالے پر ایک مستقل پل بنانے کے بعد چند ماہ قبل عارضی ڈھانچے کو علاقے میں کسی اور جگہ منتقل کر دیا گیا تھا۔ تاہم عارضی پل 26 جون کو غائب پایا گیا جس کے بعد تعمیراتی کمپنی نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی۔

اس کا کہنا تھا کہ پولیس تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ پل کو آخری بار 6 جون کو اس کی جگہ پر دیکھا گیا تھا۔ چونکہ جائے وقوع پر کوئی سی سی ٹی وی کیمرے موجود نہیں لہٰذا پولیس نے قریبی علاقوں میں نصب نگرانی کے کیمروں کی فوٹیج کی مدد سے دیکھا کہ ایک گاڑی 11 جون کو پل کی سمت گئی۔

اس نے بتایا کہ اس کے بعد پولیس نے گاڑی کو اس کے رجسٹریشن نمبر سے ٹریک کیا، گاڑی میں لوہا کاٹنے والی مشینیں تھیں جو پل کو توڑنے اور اسے چوری کرنے میں استعمال ہوئیں۔

پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ مزید تفتیش پولیس کو اُس فرم کے ایک ملازم تک لے گئی جسے پل کی تعمیر کا ٹھیکہ دیا گیا تھا۔ پولیس نے عملے اور اس کے تین ساتھیوں کو گرفتار کرلیا۔