)صوبائی وزرا صحت خواجہ عمران نذیر اور خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت چیف ایگزیکٹو آفیسرز ہیلتھ اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کانفرنس کا انعقاد ہوا۔

لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزرا صحت خواجہ عمران نذیر اور خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت چیف ایگزیکٹو آفیسرز ہیلتھ اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ کانفرنس کے دوران وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی شعبہ صحت بارے ترجیحات پر روشنی ڈالی گئی۔ صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر خواجہ عمران نذیر سے سی ای او کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہیلتھ پروگرامز پر سنجیدگی سے عملدرآمد کرانے کی ضرورت ہے۔وزیر اعلی پنجاب نے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کو ہماری اچھی کارکردگی کی بناپر عزت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی، سپلائی کے نظام کو مکمل ٹریک کیا جارہا ہے۔کسی ہسپتال میں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی میں 90 فیصد سے کم ٹارگٹ رپورٹ ہونے پر ایم ایس، سی ای او فوری تبدیل کیا جائے گا۔پیسوں کے ذریعے سی ای او، ایم ایس کی پوسٹنگ کا دور گزر گیا۔خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ذاتی محنت، کارکردگی اور میرٹ کے ذریعے پوسٹنگ ہو گی۔ ڈاکٹرز ذمہ داری سے فرائض ادا کرتے رہیں، کوئی پریشر نہ لیں، ہم آپکے ساتھ ہیں۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ہمارے ہسپتالوں میں 12 ارب روپے کی ادویات ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹیز کے پاس پہنچ چکی ہے۔میڈیسن کی خریداری کے عمل میں پوسٹنگ سے قبل ایم ایس کو ٹریننگ دلوائی جائے۔ انہوں نے ایم ایس حضرات کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں میں پڑا کچرا، کوڑا کرکٹ فوری اٹھایا جائے اور صفائی کے انتظامات مزید بہتر بنائے جائیں۔ خواجہ عمران نزیر نے کانفرنس میں ڈسٹرکٹ ہسپتال لودھراں میں مریضوں کو ادویات کی فراہمی کے90 فیصد سے زیادہ ٹارگٹ پورا کرنے پر، ایم ایس، سی ای او کو شاباش دی اور کہا کہ ہمارے ہسپتالوں میں صحت سہولت پروگرام کے ذریعے 6 ارب روپے کمانے کی مکمل کپیسٹی موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ رواں ہفتہ کے دوران کلینکس آن ویلز پروگرام شروع کردیا جائے گا۔کانفرنس میں سپیشل سیکرٹریز محمد اقبال اور محمد احمد ایڈیشنل سیکرٹریز راشد ارشاد، خضر افضال اور ڈاکٹر یونس، ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل، ڈی جی ڈرگز ڈاکٹر سہیل، ڈاکٹر عاصم الطاف، ڈاکٹر یداللہ، ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر مختار اعوان، ڈپٹی سیکرٹریز اور تمام اضلاع کے سی ای اوز اور ایم ایس حضرات نے شرکت کی۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف صحت کے شعبہ میں خاص توجہ دے رہی ہیں۔حال ہی میں جنوبی پنجاب کے ہسپتالوں میں دیکھے گئے حالات کی نشاندہی کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں انسانیت کے دشمن عطائیوں کے خلاف جہاد شروع کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کے ایم ایس صاحبان کے اندر قائدانہ صلاحیتیں ہونی چاہئیں۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ پنجاب میں غیر قانونی بلڈ بنکس کو بند کرنے جا رہے ہیں۔سرکاری ہسپتالوں میں ری ویمپنگ منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کر رہے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق کا کہنا ہے کہ پنجاب کی عوام کیلئے جلد کلینکس آن ویل کا منصوبہ شروع کرنے جا رہے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق۔اس موقع پر سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی کمی ناقابل برداشت ہوگی۔ علی جان خان نے کہا کہ پنجاب میں دل، ٹی بی اور ہیپاٹائٹس کے مریضوں کو ان کے گھروں میں ادویات فراہم کرنے کا منصوبہ شروع ہو چکا۔انہوں نے کہا کہ بار بار سرکاری ہسپتالوں میں جانے کا مقصد حالات کا جائزہ لینا ہے۔ سیکرٹری صحت نے کہا کہ اٹک میں کانگو کا پہلا کیس سامنے آنے پر الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ کانگو وائرس کے حوالے سے اگلے چھ سے آٹھ ہفتے انتہائی اہم ہیں۔بعدازاں صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے مقامی ہوٹل میں یوکے انٹرنیشنل ایڈ کے DAFPAK پراجیکٹ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ ڈیف پاک پراجیکٹ آئی آر ایم این سی ایچ، محکمہ صحت اور محکمہ بہبود ابادی کے حوالہ کیا گیا۔تقریب میں ڈائریکٹر جنرل پاپولیشن ویلفئر سمن رائے، ڈائریکٹر آئی آر ایم این سی ایچ ڈاکٹر خلیل سخانی اور ڈیف پاک کے نمایندے نے ڈاکومنٹس پر دستخط کئے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ
آبادی میں اضافہ روکنے کے لئے موثر منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔بڑھتی ہوئی ملکی آبادی ہمارے وسائل کو تیزی سے ہڑپ کررہی ہے۔ماں اور بچہ کی صحت، غزائی ضروریات کے حوالہ سے عوام کے لئے آگہی مہم چلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آبادی میں توازن قائم رکھنے کے لئے سماجی رویوں میں تبدیلی لانا ہوگی۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ صحتمند ماں ہوگی تو معاشرہ صحتمند ہوگا۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ
آبادی میں اضافہ جیسے مسائل سے نمٹنے کے لئے ملٹی ٹاسک فورس کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ٹاسک فورس کے پاس اختیارات ہوں جو اپنی سفارشات پر عملدرآمد کراسکے۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ بہبود آبادی اور صحت کے محکموں کو مل جل کر کامیاب حکمت عملی بنانا ہوگی، خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ فیملی پلاننگ کو کریکولم کا حصہ بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ
آبادی میں توازن قائم رکھ کر ملکی سمت کو درست انداز میں آگے لے جایا جاسکتا ہے۔تقریب سے ڈی جی پاپولیشن ویلفئر سمن رائے، کنسلٹنٹ ڈاکٹر اختر رشید، پی ڈی آئی آر ایم این سی ایچ ڈاکٹر خلیل سخانی نے بھی خطاب کیا اور حوالگی منصوبہ ڈیف پاک کے غرض و غایت پر روشنی ڈالی۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر کو اعزازی شیلڈ پیش کی گئی.