یورپ کے مشہور شہر میں سوٹ کیس گھسیٹنے پر پابندی عائد

یہ جان کر بہت سے لوگوں کو حیرانی ہوگی کہ یورپ کے ایک مشہور شہر کی تنگ گلیوں میں پہیوں والے سوٹ کیس کے شور سے پریشان لوگوں کی شکایت پر سوٹ کیس گھسیٹنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

یورپی ملک کروشیا کے شہر ڈوبرووینک اپنے قدرتی نظاروں اور رنگ برنگی حسین عمارتوں کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔

اس شہر میں سالانہ لاکھوں سیاح آتے اور جاتے وقت اپنے سوٹ کیس گھسیٹتے ہوئے نکلتے ہیں۔

معاملہ یہ ہے کہ اس شہر کی تنگ گلیاں ہموار تارکول کی بجائے اینٹوں پر مشتمل ہیں اور ناہموار ہیں تو جب پہیوں والے سوٹ کیس ان اونچے نیچے راستے سے گزرتے ہیں تو اس سے شور پیدا ہوتا ہے جس سے رہائشی پریشان ہوتے ہیں۔

اس لیے عوام کی شکایات پر شہر کے میئر میٹوفرانکووِچ نے نیا قانون پیش کیا ہے جس کے تحت تنگ گلیوں سے پہیوں والے سوٹ کیس لے کر گزرنا منع ہے۔

اس نئے قانون کی خلاف ورزی کرنے والے پر 288 ڈالرز تک کا جرمانہ بھی ہوسکتا ہے جوکہ پاکستانی 90 ہزار روپے کے برابر ہے۔