فلم ’آدی پورش‘ پر ہونیوالی تنقید پر کریتی سینن کا ردِعمل

بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کریتی سینن نے فلم ’آدی پورش‘ پر ہونے والی تنقید پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کردیا ہے۔

کریتی سینن نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر یہ واضح کردیا ہے کہ وہ فلم پر ہونے والی تنقید کی پرواہ نہیں کرتیں بلکہ ان کے لیے زیادہ اہم یہ ہے کہ بہت سارے فلمی شائقین فلم دیکھنے کے بعد اس کی تعریف کر رہے ہیں۔

اُنہوں نے اپنی انسٹا پوسٹ میں سنیما ہال میں فلم ’آدی پورش‘ کی اسکریننگ کے دوران بنائی گئی کچھ ویڈیوز شیئر کی ہیں، جن میں ناظرین کو فلم دیکھ کر خوش ہوتے اور تالیاں بجاتے دیکھا جاسکتا ہے۔

اُنہوں نے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’میں صرف خوشیوں اور تالیوں پر توجہ دے رہی ہوں!‘
واضح رہے کہ بھارت میں فلم ’ آدی پورش‘ کو ناقص ڈائیلاگز اور خوفناک ویژیول افیکٹس کی وجہ سے شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ اداکار پربھاس کو ’راگھوا‘ اور سیف علی خان کو’لنکیش‘ کے کردار میں ناقص کارکردگی دکھانے پر بھی تنقید کا سامنا ہے۔

ناظرین نے صرف کریتی سینن جوکہ رامائن کی کہانی پر مبنی افسانوی فلم میں ’جانکی‘ کا کردار ادا کر رہی ہیں، ان کی بہترین کارکردگی کی تعریف کر رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، فلم ’آدی پورش‘ نے ریلیز کے بعد صرف تین دنوں میں عالمی سطح پر 340 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا تاہم اب تنازعات کی وجہ سے فلم کے بزنس میں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔