بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان مزید شدت اختیار کرسکتا ہے، محکمہ موسمیات

بحیرہ عرب کے جنوب مشرق میں موجود انتہائی شدید سمندری طوفان سازگار موسمیاتی صورتحال کے باعث مزید شدت اختیار کرسکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق انتہائی شدید سمندری طوفان ’بائے پر جوائے‘ کراچی کے جنوب سے 1160 کلومیٹر دور ہے۔

سمندری طوفان کے مرکز کے گرد ہواؤں کی رفتار 130 سے 150 کلومیٹر ہے، طوفان کے مرکز میں کبھی ہواؤں کے جھکڑ 160 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کو چھو رہے ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سسٹم کے مرکز کے گرد سمندر میں کافی طغیانی کی کیفیت ہے، مرکز کے گرد لہروں کی اونچائی 25 سے 28 فٹ تک پہنچ رہی ہے۔ سمندری طوفان شمال اور شمال مغرب کی جانب حرکت کرتا رہے گا۔

محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ اب تک پاکستان کے کسی بھی ساحلی علاقے کو کوئی خطرہ نہیں ہے، محکمہ موسمیات کا سائیکلون وارننگ سینٹر سسٹم کو مانیٹر کر رہا ہے۔
====================================

مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے سے ہی معاشرے کی ترقی ممکن ہے، قوموں کی ترقی خواتین کی ترقی میں مضمر ہے، خواتین کے سپورٹس ٹیلنٹ سامنے لانے کیلئے پہلی مرتبہ پنک گیمز منعقد کی جارہی ہیں، خواتین کی مہارت کو اجاگر کرنے کیلئے ای روزگار پروگرام کے تحت تربیت دی جارہی ہے، فری لانسنگ کا ہنر سیکھ کر خواتین کروڑوں روپے کمارہی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز محکمہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب کے زیراہتمام ای لائبریری میں پنک گیمز فری لانسنگ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار میں ڈی جی پنجاب فوڈا تھارٹی راجہ جہانگیرانور،ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر، اے آئی ماہر عرفان ملک اورسکلز ٹرینر عمیر جلیانوالہ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے کہا ہے کہ نوجوان لڑکیاں دور جدید کی ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکتی ہیں، ای روزگار پروگرام کے ذریعے محکمہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب خواتین کو بااختیار بنانے کی تربیت دے رہا ہے جس سے اب ہزاروں نوجوان تربیت لیکر اپنا باعزت روزگار کمارہے ہیں، خواتین کو آگے لانے اور ان کی حوصلہ افزائی کیلئے پہلی بار پنک گیمز ہورہی ہیں جس کے لئے ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، لڑکیوں کو بھی آگے بڑھنے کے لئے مواقع ملنے چاہیں، پنک گیمز اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔

ڈی جی پنجاب فوڈا تھارٹی راجہ جہانگیرانورنے کہا ہے کہ نوجوانوں کو آگے بڑھنے کیلئے مطالعہ کرنے کی عادت اپنانی چاہئے، کتاب بینی سے آئیڈیا ز آتے ہیں جس کو عملی جامہ پہنا کرمیابی حاصل کی جاسکتی ہے، نوجوان نئے نئے آئیڈیاز لائیں اور محنت کرکے ان پر عمل بھی کریں۔ڈپٹی کمشنر لاہور رافیعہ حیدر نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے سے اچھا معاشرہ تشکیل پاتا ہے، محکمہ یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب کے ساتھ مل کر پنک گیمز منعقد کی جارہی ہیں جس میں درجنوں یونیورسٹیز کی ہزاروں طالبات حصہ لے رہی ہیں، پنک گیمز میں خواتین کی سپورٹس کے علاوہ دیگر صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلئے فری لانسنگ سیمینار کے ذریعے ماہرین طالبات کی بہترین رہنمائی کررہے ہیں۔
===============================