یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور میں ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ کونسلنگ سنٹر کے زیر اہتمام جامعہ کے مرکزی کیمپس ٹاؤن شپ میں گزشتہ روز جاب فیئر 2023ء کا انعقاد کیا گیا

لاہور ( جنرل رپورٹر) یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور میں ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹ کونسلنگ سنٹر کے زیر اہتمام جامعہ کے مرکزی کیمپس ٹاؤن شپ میں گزشتہ روز جاب فیئر 2023ء کا انعقاد کیا گیا، جس میں انرجی، ٹیک، ٹیلی کام، ویب ڈویلمپنگ، سوفٹ ویئر، مارکیٹنگ، فلاحی اداروں، انفارمیشن اور فنانس سے متعلقہ 30سے زائد معروف کمپنیوں نے شرکت کی اور طلباء کو ملازمتوں کے حصول میں مدد، رہنمائی اور دیگر ضروری معلومات و سہولیات فراہم کرنے کے لئے اسٹالز لگائے۔ جاب فیئر نے طلباء کو صنعت کے لیڈروں سے جڑنے، کیریئر کے راستے تلاش کرنے اور ملازمت کے مواقع تلاش کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کیا۔ جاب فیئر میں ہزاروں طلباء نے شرکت کرتے ہوئے کمپنیوں سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے اپنے آئیڈیاز بھی شیئر کئے۔
جاب فیئر کے آغاز پر ایک شاندار افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس کی صدارت یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز، ہلالِ امتیاز) نے کی جبکہ مہمان خصوصی فارماسوٹیکل انڈسٹری کے معروف نام و کینیا کے لئے اعزازی قونصل جنرل ڈاکٹر فیصل قدیر کھوکھر تھے۔ تقریب کے آغاز پر ڈائریکٹر سٹوڈنٹ کونسلنگ سنٹر ڈاکٹر محمد انور نے جاب فیئر کے اغراض و مقاصد کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز، ہلالِ امتیاز) نے کہا کہ جاب فیئر ایک ایسا پلیٹ فارم ہے، جو صنعتی و کاروباری اداروں اور طلباء کے مابین براہ راست ملاقات کا موقع فراہم کرتا ہے، اس کے ذریعے جامعہ اور صنعتی اداروں کے مابین موثر روابط استوار ہوتے ہیں، جس کی بدولت ایک طرف طلباء کو ملازمتوں کے مواقع حاصل ہوتے ہیں تو دوسری طرف صنعتی اداروں کو بہترین دماغ میسر آتے ہیں۔ وائس چانسلر نے کہا کہ ایسے فورم طلباء کے اعتماد میں بھی اضافہ کرتے ہیں، جو عملی زندگی میں ان کی کامیابی کا باعث بنتے ہیں اور انہی مقاصد کو سامنے رکھتے ہوئے یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور نے بھی اس سرگرمی کا انعقاد کیا ہے۔ مہمان خصوصی اعزازی قونصل جنرل کینیا ڈاکٹر فیصل قدیر کھوکھر نے اپنے خطاب میں جاب فیئر کے بہترین انعقاد پر یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے اپنے متنوع پس منظر اور وسیع تجربے کے ساتھ طلباء کو قابل قدر مشاورت فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اب روزگار کے مواقع ڈھونڈنے کے ساتھ انٹرپرینورشپ کو فروغ دینا چاہیے کیوں کہ یہ وہ بہترین راستہ ہے، جس سے وہ نہ صرف اپنی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لا سکتے ہیں بلکہ ملک و قوم کی ترقی میں اپنا حصہ بھی ڈال سکتے ہیں۔ جاب فیئر دن بھر جاری رہنے کے بعد شام گئے اختتام پذیر ہوا، جس دوران مختلف سیشنز کا انعقاد بھی کیا گیا۔