نگران صوبائی وزراء صحت ڈاکٹرجاویداکرم اور ڈاکٹرجمال ناصرکی زیرصدارت ڈی جی ہیلتھ کے دفترمیں اجلاس منعقد ہوا

لاہور(جنرل رپورٹر)نگران صوبائی وزراء صحت ڈاکٹرجاویداکرم اور ڈاکٹرجمال ناصرکی زیرصدارت ڈی جی ہیلتھ کے دفترمیں اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی جی ہیلتھ سروسزڈاکٹرالیاس گوندل،عالمی ادارہ صحت کے ڈاکٹرجمشید،یونیسف کے ڈاکٹرقرۃالعین،ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیرڈاکٹریونس،ڈاکٹرعاصم الطاف،ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ ڈاکٹرزرفشاں طاہر،کنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی کے پروفیسرڈاکٹراعجازحسین،رجسٹراریونیورسٹی آف چائلڈہیلتھ سائنسزپروفیسرڈاکٹرجنیدرشید،ڈاکٹریداللہ،محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن کے ڈپٹی سیکرٹریزڈاکٹربختیار اور ڈاکٹرعبدالرحمان،بریگیڈئیروحید، لاہورایئرپورٹ کے نمائندہ ڈاکٹرسکندرودیگرحکام نے وڈیولنک کانفرنس کے ذریعے شرکت کی۔نگران صوبائی وزراء صحت ڈاکٹرجاویداکرم اور ڈاکٹرجمال ناصرنے صوبہ میں منکی پاکس پرقابوپانے کیلئے اقدامات کاتفصیلی جائزہ لیا جبکہ متعلقہ افسران نے نگران صوبائی وزراء کو اس حوالہ سے بریفنگ دی۔
نگران صوبائی وزیرمحکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹرجاویداکرم نے اجلاس سے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھرکے سرکاری ہسپتالوں کو منکی پاکس کے حوالہ سے الرٹ جاری کردیاگیاہے۔لاہورمیں منکی پاکس کے حوالہ سے بچوں کیلئے چلڈرن ہسپتال اور بڑوں کیلئے جنرل ہسپتال کومختص کردیاگیاہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ابھی تک منکی پاکس کے 2کیسزرپورٹ ہوئے ہیں۔ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ ڈاکٹرزرفشاں طاہرکو منکی پاکس کے الرٹس ودیگرمعلومات کے حوالہ سے فوکل پرسن بنادیاگیاہے۔ڈاکٹرجاویداکر م نے کہا کہ ایئرپورٹ حکام کو منکی پاکس کے حوالہ سے الرٹ رہناہوگا۔ عوام کیلئے منکی پاکس کی معلومات حاصل کرنے کیلئے ہیلپ لائن بھی قائم کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں منکی پاکس کی ٹیسٹنگ کی سہولت بھی موجودہے۔لاہورکے علاوہ تمام اضلاع میں منکی پاکس کے حوالہ سے ہسپتالوں میں بستروں کو مختص کردیاجائے گا۔منکی پاکس پرقابوپانے کیلئے احتیاطی تدابیراپنانے کی ضرورت ہے اور اس حوالے سے تمام ایئرلائنزکو گائیڈلائنزبھی جاری کردی گئی ہیں۔
نگران صوبائی وزیرمحکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کئیرڈاکٹرجمال ناصر نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں منکی پاکس کے حوالہ سے عوام کوہراساں نہیں کرنا بلکہ معلومات فراہم کرنی ہیں۔جہازکے اندرہی اس حوالہ سے مسافروں کی سکریننگ کرنی چاہئے۔تمام اضلاع میں ہسپتالوں کو منکی پاکس کے حوالہ سے بستروں کو مختص کرنے اور ڈی ایچ کیوہسپتالوں میں پی سی آرکٹس اورضروری ٹیسٹنگ سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا کہ دونوں محکمہ جات کے ہسپتالوں میں علیحدہ وارڈزمختص کئے جائیں گے۔منکی پاکس کی روک تھام کیلئے ادویات کی خریداری اور سپلائی چین کیلئے جامع لائحہ عمل تیارکیاجائے گا۔ اس حوالے سے ویکسین کی خریداری کی تجویزبھی زیرغورہے۔