پنجاب کے 85 تحصیل ہسپتالوں میں طبی عملے کی تربیت، آئرش ماہرین کا وفد لاہور پہنچ گیا


پنجاب کے 85 تحصیل ہسپتالوں میں طبی عملے کی تربیت، آئرش ماہرین کا وفد لاہور پہنچ گیا

لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب کے 85 تحصیل ہسپتالوں میں طبی عملے کی ایمرجنسی میڈیسن کے مختلف شعبوں میں پیشہ وارانہ تربیت کیلئے ماسٹر ٹرینرز کی تیاری کی غرض سے آئرش ماہرین کا وفد بدھ کے روز لاہور پہنچ گیا۔ ہسپتالوں کے عملے کیلئے تربیتی کورسز یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام کروائے جارہے ہیں۔ پنجاب پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے اس پراجیکٹ کے دوسرے مرحلے میں 45ہزار سے زائد ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈکس کی تربیت کی جائیگی۔ آئرش ماہرین میں ڈاکٹر میکارٹن ہیوز اور ڈیسمنڈ ویڈ شامل ہیں جن کا تعلق نیشنل ایمبولینس سروس کالج ڈبلن سے ہے۔ اپنی آمد پر آئرش ماہرین نے وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سابق صوبائی پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر سعید الٰہی، نیشنل ایمبولینس کالج کے نمائندے ڈاکٹر فاروق بٹ اور یو ایچ ایس کی ڈائریکٹر خصوصی اقدامات اور کورسز کی کوآرڈینیٹر پروفیسر سارہ غفور بھی موجود تھے۔ دونوں ماہرین 30اپریل تک پاکستان میں رہیں گے اور یو ایچ ایس جناح کیمپس میں ماسٹر ٹرینرز کیلئے ورکشاپس کا انعقاد کریں گے۔ اس دوران یو ایچ ایس اور نیشنل ایمبولینس سروس کالج ڈبلن کے مابین معاہدے پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔ پراجیکٹ کے تحت پنجاب کے ہسپتالوں کے طبی عملے کو 16مختلف سکل ڈویلپمنٹ کورسز کروائے جارہے ہیں۔ کورسز کا انعقاد یو ایچ ایس کا انسٹی ٹیوٹ آف لرننگ ایمرجنسی میڈیسن(علم) کروارہا ہے جن میں 100 سے زائد سرٹیفائیڈ انسٹرکٹرز مختلف تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں جاکر طبی عملے کو بیسک لائف سپورٹ، کارڈیک فرسٹ ریسپانس،ایمرجنسی آبسٹیٹرکس، زچہ و بچہ کی دیکھ بھال، بلڈ بنک سروسز کے حوالے سے تربیت فراہم کررہے ہیں۔ آئرش ماہرین کو خوش آمدید کہتے ہوئے وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر احسن وحید راٹھور نے کہا کہ یونیورسٹی گزشتہ ایک دہائی سے نیشنل ایمبولینس سروس کالج ڈبلن کے اشتراک سے طبی عملے کی تربیت کیلئے ضروری کورسز کا انعقاد کروارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 2017ء سے 2021ء تک 32ہزار ہیلتھ پروفیشنلز کو کورسز کروائے گئے۔ دوسرے تربیتی مرحلے کا آغاز 2022ء میں کیا ہے جس میں اب تک10ہزار کے قریب ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈکس کو تربیت دے چکے ہیں۔ پروفیسر احسن وحید راٹھور نے مزید کہا کہ مستقبل قریب میں یونیورسٹی میں ڈیپارٹمنٹ آف ایمرجنسی میڈیسن بھی قائم کیا جائے گا۔ ڈاکٹر سعید الہی نے کہا کہ آئرش ماہرین گزشتہ دس سال سے ہماری ایمرجنسی سروسز کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں جس کیلئے ان کے مشکور ہیں۔