پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج پانی کا دن منایا جارہا ہے


پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج پانی کا دن منایا جارہا ہے۔۔ اقوام متحدہ کے مطابق دنیا میں ہرسال آٹھ لاکھ سے زائد افراد ایسی بیماریوں سے ہلاک ہوجاتے ہیں جو غیر محفوظ پانی،نامناسب نکاسی آب اور صحت وصفائی کے ناقص طریقوں سے براہ راست جنم لیتی ہیں ۔۔۔پانی کے عالمی دن کے موقع پر اقوام متحدہ کے زیر اہتمام تین روزہ آبی کانفرنس آج سے نیویارک میں شروع ہورہی ہے جو 50 سالوں میں پانی سے متعلق اہم بین الاقوامی کانفرنس قرار دی جارہی ہے۔۔۔کانفرنس کا مقصد پانی کے تحفظ ،شہریوں کی صاف پانی تک رسائی،منصفانہ تقسیم اور انتظام کو یقینی بنانا ہے۔۔کانفرنس میں پانی کے عالمی بحران سےنمٹنے اور 2030 تک صاف پانی اور صفائی ستھرائی کے نظام کو ہر ایک کے لئے قابل رسائی بنانے سے متعلق عملی اقدامات پرغور کیا جائے گا۔۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیراکرم نے آبی کانفرنس کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بین الاقوامی کانفرنس سے پانی سے متعلق امور پر نتیجہ خیز گفتگو ہوگی ۔
کانفرنس سے قبل اقوام متحدہ کے واٹر فورم اور یونیسکو کی جانب سے پانی کے بحران سے متعلق ایک رپورٹ جاری کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ دنیا کی 26 فیصد آبادی صاف پانی اور 46 فیصد نکاسی آب کے بنیادی سہولت سے محروم ہے۔۔۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اس موقع پر جاری بیان میں پانی کے تحفظ سے متعلق انفرادی اور اجتماعی ذمہ داریوں کو پورا کرنے پر زور دیا ہے۔
===================