پنجاب حکومت کے زیراہتمام جشن بہاراں تقریبات کے چوتھے روز بھی محکمہ اوقاف نے صوفی محفل کا انعقاد کیا۔ اس سلسلے میں حضوری باغ میں کلام اقبال اور قوالی کی محفل ہوئی

ہینڈ آئوٹ

لاہور؛ 8 مارچ

پنجاب حکومت کے زیراہتمام جشن بہاراں تقریبات کے چوتھے روز بھی محکمہ اوقاف نے صوفی محفل کا انعقاد کیا۔ اس سلسلے میں حضوری باغ میں کلام اقبال اور قوالی کی محفل ہوئی جس کے مہمان خصوصی نگران وزیر اوقاف بیرسٹر سید اظفر علی ناصر تھے۔ سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، سنیئر صحافی منصور آفاق اور سامعین نے بھی بڑی تعداد شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری دی۔ انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ معروف قوال بختیار سنتو نے کلام اقبال پر مبنی قوالی پیش کی جسے شرکا نے پسند کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیر اوقاف بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے کہا کہ جشن بہاراں کے سلسلے میں محکمہ اوقاف عوام کیلئے روزانہ پروگرام پیش کر رہا ہے۔ مزار اقبال کے قریب محفل کا مقصد عظیم شاعر کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوفیائے کرام کے ذکر اور محافل سماع سے روح کی تازگی ملتی ہے اور جشن بہاراں تقریبات کے دوران متعدد صوفی پروگراموں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ سید اظفر علی ناصر نے کہا کہ علامہ اقبال کے پیغام پر عمل کر کے زندگی کامیاب بنائی جا سکتی ہے۔ نگران وزیراعلی کی ہدایت کے مطابق جشن بہاراں تقریبات کا انعقاد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ تقریب سے خطاب میں سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا کہ محکمہ اوقاف کے زیراہتمام جشن بہاراں تقریبات 12 مارچ تک جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اقبال کے فلسفہ خودی کو سمجھنا اور معاشرے میں پھیلانا ہوگا تاکہ نوجوان نسل میں خودشناسی کا شوق پیدا ہو۔ سنیئر صحافی منصور آفاق نے جشن بہاراں تقریبات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگراموں سے نہ صرف عوام کے لئے تفریح کے مواقع پیدا ہوتے ہیں بلکہ بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔