اگر پی ٹی آئی،پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کو100 سال بھی مل جائیں تویہ ملک کوئی بہتری اور عوام کی زندگی میں کوئی انقلاب نہیں لاسکتے

لاہور19فروری 2023ئ
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی،پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کو100 سال بھی مل جائیں تویہ ملک کوئی بہتری اور عوام کی زندگی میں کوئی انقلاب نہیں لاسکتے کیونکہ یہ سب پارٹیاں آٹا،شوگر،گھی ،آئل ،کھاد مافیاز کی سہولت کار ہیں اورالیکشن میں یہی مافیاز جیتتے ہیں اور عوام ہار جاتے ہیں۔ پاکستان میں ایک لٹر پٹرول ایک ہزار اور آٹا 5سو روپے کلو بھی ہوجائے تب بھی پی ٹی آئی،پی پی ،پی ڈی ایم کو کوئی فرق نہیں پڑتا یہ سرمایہ داروں کے کلب ہیں۔یہ کرپٹ ٹرائیکا اچھی حکمرانی دینے میں مکمل ناکام ہوگیا ہے۔ حکمران عرش پر جبکہ عوام فرش پر ہیں۔عام پاکستانی 42اقسام کے ٹیکس دے رہے ہیں حکمران طبقہ100اقسام کی مراعات لے رہے ہیں۔جماعت اسلامی کا راستہ دیدہ اور نادیدہ قوتوں نے روکا ہے۔27فروری کو اسلام آبادمیں جماعت اسلامی کی مرکزی و صوبائی قیادت سمیت قومی اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کا کنونشن ہوگا جس میں ہم قوم کو روڈ میپ دیں گے۔ہم سول نافر مانی کے نظام کے باغی ہیں اور آئین و قانون کی بالادستی پریقین رکھتے ہیں۔ملک میں جب بھی آزادانہ غیر جانبدارانہ شفاف الیکشن ہوئے توجماعت اسلامی سرپرائز دے گی ملک میں ایک ہی دن قومی اور صو بائی اسمبلیوں کے الیکشن ہونے چاہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
سراج الحق نے کہا ملک میں مہنگائی کا55سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا پی ڈی ایم حکومت میں صرف 2023 میں اب تک مہنگائی میں 27.6فیصد اضافہ ہوا جبکہ حکمران طبقہ جھوٹ بول رہا ہے کہ دنیا بھر میں مہنگائی ہوتی ہے عالمی سطح پر مہنگائی میں صرف 5فیصد اسکے مقابلے میں پاکستان میں27 فیصد اضافہ ہوا ہے۔آئی ایم ایف سے 23واں پروگرام لیا جارہا ہے جبکہ 22پروگرامات ناکامی سے دوچار ہوئے ہیں۔قوم پر170ارب کا نیا انجکشن صرف تین ماہ کے لئے ہے اور حکومت عوام پر مزید 560ارب کے ٹیکس لگانا چاہتی ہے۔سراج الحق نے کہا وزیردفاع خواجہ آصف کا اعتراف کے ہم سیاستدانوں،بیوروکریٹس اور اسٹیبلشمنٹ نے مل کرملک کو معاشی طور پر تباہ و برباد کردیا ہے۔اس اعتراف کے بعدان کا کرسی پر بیٹھنا بنتا ہے؟
انہوں نے کہا کہ زرداری ،شہباز شریف ،نواز شریف ،عمران خان،اسحاق ڈار اپنی ضرورت سے زائد پراپرٹیز قوم پر نچھاور کردیں تو پاکستان کے قرضے ختم ہوجائیں گے۔لیکن یہ شہزادے خود کو سیاسی پنڈت اور برہمن جبکہ عوام کو شودر سمجھتے ہیں۔کرونا وباءسیلاب زلزلہ میں کبھی بھی ان حکمرانوں نے عوام کو ذاتی طور پر امداد نہیں دی الٹا توشہ خانہ کے حوالے سے سبھی نا جائزہ فائدہ اٹھانے والوں میں شامل ہیں ،ایک دفتر کی بجائے 4دفتر بناتے ہیں۔پی ٹی آئی،پی ڈی ایم کی لڑائی میں عوام کے لیے غربت کے خاتمے،عدل و انصاف،آئین و قانون کی حکمرانی کے لیے نہیں بلکہ اپنے ذاتی مفادات سمیٹنے کے لیے ہے،یہ آپس میں نورا کشتی کررہے ہیں جس کا نقصان ملک کے عوام کو ہورہا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ قوم سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ ان کرپٹ اشرافیہ کے چہرے پہچان چکے ہیں۔جماعت اسلامی نے ہمیشہ چوکوں ،چوراہوں،ایوانوں میں عوام کے جذبات کی ترجمانی کی ہے۔ جماعت اسلامی مہنگائی کے خلاف روڈ مارچ کررہی ہے۔جماعت اسلامی کے پاس اسلامی نظام معیشت کا زکوہ و عشر کے نظام معدنیات ،بنجر زمینوں کو آباد کرکے پاکستان کوخوشحال کرنے کا واضح ایجنڈا ہے۔انشائ اللہ جماعت اسلامی عوام کی طاقت سے ملک کو اسلامی فلاحی خوشحال پاکستان بنائے گی۔انہو ں نے کہا 75سالوں سے ہمارے حکمرانوں نے اللہ کے دین کے ساتھ بے وفائی ،دو قومی نظریہ کے ساتھ غداری اور سودی نظام کو گلے لگا رکھا ہے۔ہماری پارلیمنٹ میں جاگیراد ،وڈیرے ،سرمایہ دار بیٹھے ہیں جن کو غریب کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔انہی سیاسی معاشی دہشتگردوں نے خوشحال ایٹمی پاکستان اور قوم کو دنیا کے سامنے رسوا کرکے رکھ دیا ہے۔
جاری کردہ

شعبہ نشرو اشاعت جماعت اسلامی پاکستان
============