نظام وقیادت کی تبدیلی سے ہی ملک وقوم کی تقدیر بدل سکتی ہے

ملک میں اقتصادی ،سیاسی بحران اور اخلاقی انحطاط اسی فرسودہ نظام اور نااہل وکرپٹ قیادت کا نتیجہ ہے، پاکستان میں اسلامی انقلاب کی جدوجہد کو تیز کرنے کیلئے علماءکرام منبر ومحراب سے اپنا بھرپور کردار ادا کریں،محمد حسین محنتی

کراچی( نعیم اختر) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ نظام وقیادت کی تبدیلی کے بغیر ملک وقوم کی تقدیر نہیں بدل سکتی، ملک میں اقتصادی ،سیاسی بحران اور اخلاقی انحطاط اسی فرسودہ نظام او مسلط نااہل وکرپٹ قیادت کا نتیجہ ہے، پاکستان میں اسلامی انقلاب کی جدوجہد کو تیز کرنے کیلئے علماءکرام منبر ومحراب سے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ حنیفیہ ملیر وجامعتہ الااخوان سمیت دیگر مدارس کی سالانہ تقریبات سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قرآن مجید علم کا سرچشمہ ہے دنیا وآخرت کی کامیابی اور اپنی زندگی ومعاشرے کو تبدیل کرنے کیلئے اس کی روشنی سے اپنے دلوں کو منور کرنا ہوگا۔آپ صرف قرآن پڑھانے سکھانے کیلئے نہیں بلکہ قرآن کے قانون کو اس دھرتی پر نافذ کرنے کی جدوجہد بھی کرنا ہے تاکہ قیام پاکستان کا حقیقی خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔ دریں اثناءاسلامک ہومیو پیتھک میڈیکل ایسوسی ایشن (ایما) کے مرکزی صدر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ خان کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے قباءآڈیٹوریم میں امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی سے ملاقات کی جنہوں نے آئی ایچ ایم اے کی تنظیمی رفتار کا ر،درپیش چیلنجز اور اہداف کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ایما کے مرکزی صدر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ خان کا کہناتھاکہ ایما ہومیو پیتھک ڈاکٹرز کی ملک گیر تنظیم ہے جوکہ ان کو اپنے پلیٹ فارم پرمنظم کرنے کے ساتھ انسانیت کی خدمت،پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو نکھارنے اورنظریاتی وفکری تربیت کرتی ہے ۔
======================