پاسبان کی جانب سے پی ایس ایل میچز کے دوران سڑکوں کی بندش کے خلاف مظاہرے کا اعلان


احتجاجی مظاہرہ بروز اتوار 19 فروری شام 4بجے کراچی پریس کلب پر ہوگا
کرکٹ میچزکو شہریوں کے لئے اذیت کا باعث نہ بنایا جائے
تفریح کو تکلیف میں تبدیل کرنا دانشمندی نہیں، انتظامیہ درست حکمت عملی اختیار کرے
نیشنل اسٹیڈیم کو شہر سے باہر منتقل کر کے تمام میچز وہیں کرائے جائیں

کراچی( ) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے شہر کراچی میں ہونے والے پی ایس ایل میچز کی وجہ سے عوام کو درپیش مشکلات کے خلاف مورخہ 19فروری 2023 بروزاتوار شام 4بجے کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرے کا اعلان کیا ہے۔ کھیل تفریح کے لئے ہے عوام کو اذیت دینے کے لئے نہیں۔تفریح کو تکلیف میں تبدیل کرنا دانشمندی نہیں ہے، انتظامیہ درست حکمت عملی اختیار کرے۔ نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف بڑے بڑے اسپتال اور تعلیمی ادارے ہیں جہاں سڑکوں کی بندش اور ٹریفک کی زیادتی کے باعث طلباٗ اور مریضوں کو پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حسن اسکوائر کراچی کا مرکز ہے اور مختلف حصوں کو ملانے کا ذریعہ ہے۔ میچز کے دوران کسی بھی سڑک کو بند کرنے سے صرف حسن اسکوائر ڈ سٹرب نہیں ہوتا پورا کراچی ڈسٹرب ہوجاتا ہے۔اس دوران رش کے باعث چوروں اور ڈکیتوں کو عوام کے ساتھ لوٹ مار کا بھرپورموقعہ مل جاتا ہے۔ پاسبان ایک بار پھرپُر زور طریقے سے اسٹیڈیم کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے اپنے دیرینہ مطالبے کو دوہرانے پر مجبور ہے۔میچز کے دوران نیشنل اسٹیڈیم کے قرب و جوار کے علاقوں کو جیل میں تبدیل کرنے سے بہتر ہے کہ شہر سے باہر ایک اور اسٹیڈیم بنادیا جائے اور تمام انٹرنیشنل میچز وہاں کروائے جائیں۔ پاسبان کراچی کے سینیئر عہدیداران کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے الطاف شکور نے مزید کہا کہ کرکٹ میچزکو کراچی کے شہریوں کے لئے اذیت کا باعث نہ بنایا جائے۔ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہونا چاہئے۔ ایک بار پھر نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے پی ایس ایل میچز کے دوران اسٹیڈیم سے متصل سڑکوں، شاہراہوں اور گلیوں کی بندش سے نہ صرف کراچی کے ٹریفک کو مفلوج کر دیا گیا ہے بلکہ شہریوں کے معمولات زندگی بھی بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں بھی لوگ گھنٹوں تک ٹریفک جام میں پھنسے رہتے ہیں۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے وسط میں واقع ہے جہاں پورے شہر کی سڑکیں آپس میں ملتی ہیں۔اگر اس جگہ کی اور آس پاس کی مصروف سڑکوں کوبند رکھا جائے گا تو اس سے کراچی کے عوام کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوں گے۔ اسٹیڈیم کے قریب دو اہم اسپتال آغا خان اور لیاقت نیشنل اسپتال واقع ہیں، جہاں مریضوں کا پہنچنا بھی مشکل ترین بنا دیا گیا ہے#

=============================