ترکی، شام کے متاثرین زلزلہ کی امداد دینی و اخلاقی فریضہ ہے، وزیر اوقاف

ترکی، شام کے متاثرین زلزلہ کی امداد دینی و اخلاقی فریضہ ہے، وزیر اوقاف
مشکل وقت زیادہ دیر نہیں رہتا، انشااللہ ہمارے بھائی جلد اس امتحان سے سرخرو ہو کے نکلیں گے
بیرسٹر سید اظفر علی ناصر کا دورہ ملتان، اظہار یکجہتی کانفرنس سے خطاب، مزارات پر حاضری
لاہور؛ 17 فروری
نگران وزیر اوقاف، مذہبی امور، زکوۃ و عشر پنجاب بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے کہا ہے کہ ترکی اور شام کے متاثرین زلزلہ کی امداد ہمارا دینی اور اخلاقی فریضہ ہے۔ حکومت پاکستان اپنی سطح پر اقدامات کر رہی ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام بھی اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کی مدد کے لئے آگے آئیں۔ دربار حضرت شاہ رکن عالمؒ ملتان میں محکمہ اوقاف کے زیراہتمام اظہار یکجہتی کانفرنس برائے متاثرین زلزلہ ترکیہ و شام سے بطور مہمان خصوصی خطاب میں انہوں نے یاد دلایا کہ اکتوبر 2005 کے پاکستان میں آنے والے تباہ کن زلزلے اور حالیہ سیلاب میں ترکی نے ہماری بھرپور مدد کی۔ اب ہمارا بھی فرض بنتا ہے کہ ہم اپنے محسنوں کے ساتھ کھڑے ہوں۔ اظہار یکجہتی کانفرنس میں سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری، علمائے کرام اور مشائخ عظام کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ نگران وزیر اوقاف سید اظفر علی ناصر نے کہا کہ آج ہم ترکی اور شام کے زلزلہ متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مشکل وقت زیادہ دیر نہیں رہتا، انشااللہ شام اور ترکی کے ہمارے بھائی بھی جلد اس امتحان سے سرخرو ہو کے نکلیں گے۔ اپنے خطاب میں سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری نے کہا کہ محکمہ اوقاف کے پنجاب بھر میں نیٹ ورک کو متاثرین زلزلہ کی امداد کے لئے متحرک کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایات کے تحت امدادی سامان جلد روانہ کر دیا جائے گا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اوقاف بیرسٹر سید اظفر علی ناصر نے کہا کہ مدینۃ الاولیا میں تین مقاصد مزارات پر ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے، شام اور ترکی کے زلزلہ متاثرین کے لئے یکجہتی کانفرنس میں شرکت کرنے اور رمضان کی آمد کے پیش نظر انتظامات بہتر بنانے کے لئے آیا ہوں۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے مزارات پر سکیورٹی اور زائرین کے لئے سہولیات بہتر بنانے کا خصوصی حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے متاثرین زلزلہ کی مدد کے لئے کمیٹی تشکیل دی ہے۔ مخیر حضرات زلزلہ متاثرین کی مدد کے لئے آگے آئیں۔
قبل ازیں نگران وزیر اوقاف بیرسٹر سید اظفر علی ناصر ایک روزہ دورے پر ملتان پہنچے۔ انہوں نے حضرت بہاؤالدین زکریا ملتانیؒ، حضرت شاہ رکن عالمؒ اور حضرت شاہ شمسؒ کے مزاروں پر حاضری دی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں۔ انہوں نے اس موقع پر مزاروں کی بحالی کے کاموں کا جائزہ لیتے سیکرٹری اوقاف سید طاہر رضا بخاری کو ہدایت کی کہ مزارات کی تزئین و آرائش کا کام ان کی تاریخی و ثقافتی حیثیت برقرار رکھتے ہوئے مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے ملتان کے مزارات کی تزئین و آرائش پر ایک کروڑ 36 لاکھ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔
===================