جیکب آباد شہر سے کئی اہم خبریں۔

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی۔
جیکب آباد میں سیلاب متاثر ہ ہاریوں و آبادگاروں میں بیج اور کھادکی تقسیم کے لیے ڈی سی کی جانب سے کمیٹیاں قائم، ضلع کونسل کے ممبر نے کمیٹیوں پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا، من پسند کمیٹیاں بنا کر متاثرین کے فنڈز ہڑپ کئے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرہ ہاریوں اور آبادگاروں میں ربیع کی فصل کے لیے مفت بیج اور کھاد دینے کے اعلان کے بعد ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ نے ضلع جیکب آباد میں مختلف یونین کونسلز میں 63 کمیٹیاں قائم کرلی ہیں جس میں مختلف محکموں کے ملازمین سمیت یونین کونسل کے چیئرمین، ضلع کونسل کے ممبر اور علاقے کے معززین کو شامل کیا گیا ہے جو متاثرہ علاقوں کا سروے کرکے متاثرین میں بیج اور کھاد تقسیم کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر کی جانب سے بنائی گئی کمیٹیوں پر ضلع کونسل کے ممبر فاروق علی کھوسو نے عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنر نے ایک پارٹی کی خوشنودی کے لیے من پسند کمیٹیاں بنائی ہیں ہمارے پینل نے یونین کونسل کوٹ جنگو میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو شکست دی تھی اس لیے کمیٹی میں میرا نام شامل کرنے کے بجائے ایک رٹائرڈ استاد کا نام شامل کیا گیا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ابھی سے کرپشن کی پلاننگ کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ ایسی کمیٹیاں کسی صورت قبول نہیں اور ہم ان کمیٹیوں کو تسلیم نہیں کرتے انہوں نے مطالبہ کیا کہ کمیٹیوں میں ضلع کے غیر جانبدار شخصیات کو شامل کیا جائے تاکہ سیلاب متاثرین میں شفاف انداز میں بیج اور کھاد کی تقسیم ہوسکے۔

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی۔
جمعیت علماء اسلام ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری نے کہا ہے کہ ہمارا ملک انٹرنیشنل اسٹیبلشمنٹ کی پروردہ اور ممنون احسان اشرافیہ کے آہنی ہاتھوں میں جکڑا ہوا ہے جنہوں نے عالمی شاہوکاروں کے غلاموں کے ذریعے آزادی کو یرغمال بنا رکھا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے عظیم الشان ختم نبوت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔انہوں نے کہا کہ چار سال قبل تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے عوام کو مسائل میں دھنس دیا ان کو عوام بھول نہیں سکتے انہوں نے کہا کہ اپنی ہی کئی باتوں پر یو ٹرن لے کر امریکہ کی غلامی کا طوق گلے میں ڈالنے کا اعلان کرنے اورگھڑی کو بیچنے والے کپتان کا سیاسی کیریر ایک مشکل گھڑی میں ہے جو اس کو لے ڈوبے گا۔انہوں نے کہا کہ جاگیرداروں، سرمائیداروں اور رسہ گیروں کی یرغمالی کی بجائے آئین پاکستان کی روح کا عکاس اور عوام کی حقیقی قیادت کی ضرورت ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ 20 نومبر کو شکار پور میں مولانا فضل الرحمن کی آمد اور تاریخی پیغام کانفرنس میں شرکت کر کے بیداری کا ثبوت دیں۔

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی۔
جیکب آباد میں سماجی تنظیم کی جانب سے 7ہندو جوڑوں کی اجتماعی شادی کرائی گئی۔تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں سماجی تنظیم ہری کرشنا ویلفیئر کی جانب سے ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے 7جوڑوں کی اجتماعی شادی کرائی گئی، شادی کی تقریب کی دعوت پنچائتی ہال میں منعقد کی گئی جس میں ہندو پنچائت کے رہنماؤں سمیت ہندو برادری کے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر ہری کرشنا ویلفیئر کے رہنماؤں امیت کمارچابڑیا، پردیپ کمار، ونود کمار، اکشے کمار، سنجے کمار، سندیپ کمار اور دیگر نے کہا کہ اب تک 47جوڑوں کی اجتماعی شادیاں کرائی ہیں ابھی 7جوڑوں کی شادی کی تقریب منعقد کی ہے، انہوں نے کہا کہ فی جوڑے کو 3لاکھ کا جہیز دیا گیا ہے جس میں گھریلو سامان ہے، انہوں نے کہا کہ ہم اپنی مدد آپ کے تحت فلاحی کام کررہے ہیں۔

جیکب آباد:رپورٹ ايم ڈى عمرانى۔
جیکب آباد کے ڈنگر محلہ میں گندگی کے ڈھیر لگ گئے، گٹر کے ڈھکن غائب، علاقہ مکینوں کا احتجاج۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے ڈنگر محلہ میں میونسپل کی لاپرواہی کی وجہ سے گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں محلے کی ہر گلی میں جگہ جگہ گندگی کی وجہ سے مچھروں کی بہتات ہے جس کی وجہ سے کئی علاقہ مکین ملیریا سمیت دیگر امراض میں مبتلا ہوچکے ہیں، علاقے میں گندگی کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ڈنگر محلہ گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکا ہے گٹروں کے ڈھکن غائب ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے آئے روز حادثات رونما ہورہے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ علاقے کی صفائی کرائی جائے اور گٹروں کو ڈھکن دئیے جائیں۔
======================================

=====================