نیٹ فلیکس پاس ورڈ شیئر روکنے کیلئے نئے اقدامات لے سکتا ہے

بین الاقوامی اسٹریمنگ سروس نیٹ فلکس ممکنہ طور پر 2023 تک پاس ورڈ شیئرنگ کو روکنے کے لیے بائیو میٹرکس کا استعمال کرسکتا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق سی سی ایس انسائٹ کے جیف اینالیسٹ بین ووڈ کا کہنا ہے کہ نیٹ فلکس 2023 تک پاس ورڈ شیئرنگ کو روکنے کے لیے بائیو میٹرکس کا استعمال کرتے ہوئے پاس ورڈ کو فنگرپرنٹ یا فیس ریکوگنیشن سے منسلک کرسکتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ نیٹ فلکس صارفین کو اپنے ٹی وی پر بھی فنگر پرنٹ سینسر لگانا پڑے گا بلکہ یہ ہوسکتا ہے کہ جب آپ ٹی وی پر لاگ ان ہوں تو آپ کے فون پر پن موصول ہوجائے۔

بین ووڈ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاس ورڈ شیئرنگ کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے نیٹ فلکس پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔ انہیں بینکوں سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے کہ وہ کیسے صارفین کے حقیقی ہونے کی تصدیق کرتے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل نیٹ فلکس نے اعلان کیا ہے کہ وہ 2023 کے آغاز میں پاس ورڈ شیئرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے جا رہا ہے جس کے بعد ان صارفین سے اضافی چارجز وصول کئے جائیں گے جو دوسروں سے لاگ ان پاس ورڈ شیئر کریں گے۔