جیکب آباد میں مہمان پرندوں کا غیر قانونی شکار جاری، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل، محکمہ وائلڈ لائف خاموش۔

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانى۔
جیکب آباد میں مہمان پرندوں کا غیر قانونی شکار جاری، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل، محکمہ وائلڈ لائف خاموش۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں موسم سرما کی ٹھنڈی ہوائیں شروع ہونے کے بعدسائبیرین مہمانوں پرندوں نے سندھ کے مختلف علاقوں سمیت جیکب آباد کا رخ کرلیا ہے، جیکب آباد میں مہمان پرندوں کا بڑے پیمانے پر غیر قانونی شکار کیا جانے لگا ہے، نواحی گاؤں کریم بخش کھوسہ میں بااثر افراد کی جانب سے شکار پر پابندی کے باوجود سرعام مہمان سائبیرین پرندوں کا شکار کیا جارہا ہے، گزشتہ روز گاؤں کریم بخش کھوسہ میں غیر قانونی شکار کئے گئے مہمان پرندوں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے باوجود محکمہ وائلڈ لائف خاموش ہے اور غیر قانونی شکار کو روکنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے، ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں شکاریوں کی جانب سے مہمان پرندوں کے شکار پر عوام کی جانب سے سخت رد عمل سامنے آیا ہے شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مہمان پرندوں کے شکار پر عائد پابندی پرمکمل عملدرآمد کرایا جائے اور شکاریوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے مقدمات درج کئے جائیں۔

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی۔
جیکب آ باد میں خود ساختہ مہنگائی، سبزی منڈی میں ماشہ خوری اور من پسند ریٹ مقرر کرنے کے خلاف احتجاج، ڈی سی آفیس کے سامنے دھرنا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں خود ساختہ مہنگائی، سبزی منڈی میں ماشہ خوری اور من پسند ریٹ مقرر کرنے کے خلاف ایس ٹی پی، جے یو آئی، پی پی شہید بھٹو، چیمبرس آف کامرس، صرافہ یونین اور دیگر تنظیموں کی جانب سے صرافہ چوک سے ڈاکٹر اے جی انصاری، عبدالستار جاگیرانی، سعید احمد بروہی، میر احمد علی خان بروہی کی قیادت میں ایک احتجاجی جلوس نکالا گیا، مظاہرین شہر کے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے ڈی سی چوک پر پہنچے جہاں مظاہرین نے دھرنا دیا بعد ازاں مظاہرین نے پریس کلب اور ڈی سی آفیس کے سامنے بھی دھرنے دئیے جس کے باعث روڈ بلاک اور ٹریفک معطل ہوگئی، اس موقع پر مظاہرین نے کہا کہ ایک طرف مہنگائی نے عوام کی کمر توڑدی ہے اور جینا دوبھر کردیا ہے تو دوسری طرف جیکب آباد میں من پسند ریٹ مقرر کرکے عوام کو مزید عذاب میں مبتلا کردیا گیا ہے اور جیکب آباد کی بڑی سبزی منڈی میں ماشہ خوروں کی جانب سے من پسند ریٹ مقرر کرکے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگر خود ساختہ مہنگائی بند نہ کی گئی تو احتجاج کو دائرہ بڑھایا جائے گا۔بعدازاں مظاہرین نے ڈپٹی کمشنر جیکب آباد سے ملاقات کی اور خود ساختہ مہنگائی اور سبزی منڈی میں ماشہ خوری کے خلاف شکایات کیں ڈپٹی کمشنر نے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی کہ منافع خوروں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی۔
جیکب آباد پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے 70کلو چرس برآمدکرکے ایک ملزم کو گرفتارکرلیا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے تھانہ صدر کی پولیس نے بائے پاس پر کاروائی کرتے ہوئے ایک کار سے 70کلو چرس برآمد کرکے ایک ملزم بلال پٹھان کو گرفتار کرلیا ہے، پولیس کے مطابق ملزم بلوچستان سے سندھ کی طرف منشیات اسمگل کررہا تھا گرفتار ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

===========================
جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی۔ جیکب آباد میں ملیریا کے باعث معصوم بچی فوت، ہزاروں لوگ مبتلا، ادویات کی قلت، محکمہ صحت خاموش۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے نواحی گاؤں میرانپور کے رہائشی میر خان کھوسو کی 8 سالہ معصوم بچی امام خاتون ملیریا کے باعث فوت ہوگئی، جیکب آباد میں سیلاب اور بارشوں کے بعد ملیریا کی وباء تیزی سے پھیل رہی ہے اور ضلع بھر میں اب تک 260سے زائد لوگ فوت ہوچکے ہیں جبکہ ہزاروں کی تعداد میں لوگ ملیریا میں مبتلا ہوچکے ہیں، ملیریا پھیلنے کے بعد شہر میں ملیریا کے خاتمے کی ادویات کی قلت پیدا ہوگئی ہے اور اکثر میڈیکل اسٹورز پر ملیریا کی ادویات زائد نرخ پر فروخت کی جارہی ہے جبکہ سرکاری اسپتالوں میں بھی ملیریا کی ادویات کی قلت ہے جس کی وجہ سے متاثرہ افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، ضلع میں ملیریا کے بڑھتے مرض کے باوجود محکمہ صحت کی جانب سے کوئی نوٹس نہیں لیا گیا اور ملیریا کے خاتمے کے لیے کوئی موثر اقدامات نہیں اٹھائے گئے ہیں، عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ ملیریا کے خاتمے کے لیے اسپرے کرایا جائے اور متاثرین کو ادویات فراہم کی جائیں۔

جیکب آباد :رپورٹ ایم ڈی عمرانی۔
آئی بی اے پاس امیدواروں کا آفر آرڈر نہ ملنے کے خلاف احتجاج، مظاہرہ اور دھرنا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل گڑہی خیرو کے آئی بی اے پاس امیدواروں نے آفر آرڈر نہ ملنے کے خلاف ڈی ای او پرائمری جیکب آباد کی آفیس کے سامنے احتجاج کیا اور آفر آرڈر نہ ملنے کے خلاف نعریبازی کی، اس موقع پر امیدواروں عاشق علی کھوسو، ظفر اللہ ببر، سید ابرار شاہ اور دیگر نے کہا کہ محکمہ خزانہ میں گڑہی خیرو میں پی ایس ٹی کی 84 آسامیاں خالی ہیں لیکن محکمہ تعلیم کی جانب سے صرف 14 آسامیاں ظاہر کی گئی ہیں جو کہ آئی بی اے پاس امیدواروں سے ذیادتی ہے، انہوں نے کہا کہ میرٹ پر ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدواروں کو آفر آرڈر دینے کے بجائے آسامیوں کو چھپایا جارہا ہے جو کہ ہمارے ساتھ ذیادتی ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ آئی بی اے ٹیسٹ پاس امیدواروں کو آفر آرڈر جاری کئے جائیں اور امیدواروں میں پھیلی بے چینی دور کی جائے بصورت دیگر عدالت میں پٹیشن دائر کی جائے گی۔

جیکب آباد :رپورٹ ایم ڈی عمرانی۔
سیلاب کی تباہ کاریوں کے متعلق ڈی سی کی صدارت میں اجلاس، اسکولوں، اسپتالوں،گھروں اور سڑکوں کی بحالی پر غور کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ کی صدارت میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس منعقد کیا گیا ہوا،اجلاس میں یو این آفیس آن کوآرڈینیشن فار ہیومن اور مختلف بین الاقوامی و مقامی این جی او کے نمائندوں نے شرکت کی، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے ضلع جیکب آباد کی تمام تحصیلوں میں سیلاب کی تباہ کاریوں میں ہونے والے نقصانات اسکولوں، اسپتالوں، روڈ راستوں، تباہ شدہ گھروں اور فصلوں کے متعلق آگاہی دی اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے کئے جانے والے کام کی بھی تفصیلات پیش کی، اجلاس میں شریک مختلف این جی اوز کے نمائندوں نے بھی سیلاب کے دوران اور اس کے بعد اپنے متعلقہ اداروں کی طرف سے کئے گئے ریلیف کے کاموں کے متعلق اجلاس میں تفصیلات پیش کیں، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع انتظامیہ نے بین الاقوامی و مقامی این جی اوز کو اسکولوں، اسپتالوں، روڈ راستوں اور فصلوں کی بحالی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور فیصلہ کیا گیا کہ مختلف علاقوں میں جہاں اسکول مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں وہاں این جی اوز کے تعاون سے خیمے لگا کر ٹینٹ سٹی قائم کرنے کے بعد عارضی تربیتی مرکز قائم کرکے تعلیمی سرگرمیاں بحال کی جائیں گی، اجلاس میں ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندوں کے بتایا کہ جیکب آباد میں آئندہ ہفتے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے ادویات بھی پہنچ جائیں گی اور اعلان کیا کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی طرف سے ایک ایمبولینس ڈی ایچ او جیکب آباد کے حوالے کی جائے گی جبکہ یونیسیف کی طرف سے ضلع کے اندر خوراک کی کمی کو ختم کرنے کے لیے نیوٹریشن پروگرام کو بڑھانے کا اعلان کیا گیا جس سے ضلع بھر میں خوراک کی کمی ختم ہوجائے گی۔

جیکب آباد :رپورٹ ایم ڈی عمرانی۔
جیکب آ باد میں مختلف تنظیموں کا خود ساختہ مہنگائی اور سبزی منڈی میں ماشہ خوری خلاف پریس کلب کے سامنے احتجاج کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء اسلام ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے جیکب آباد میں خود ساختہ مہنگائی، سبزی منڈی میں ماشہ خوری اور من پسند ریٹ مقرر کرنے کے خلاف پریس کلب جیکب آباد کے سامنے ایس ٹی پی، جے یو آئی، پیپلز پارٹی شہید بھٹو اور دیگر پارٹیوں کی جانب سے احتجاج کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جیکب آباد میں خود ساختہ مہنگائی کی گئی ہے سبزی منڈی میں ماشہ خور اپنے من پسند ریٹ مقرر کئے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے شہر میں سبزی اور پھلوں کے قیمتیں آسمان کو پہنچ چکی ہیں جس کی وجہ سے غریب عوام سخت پریشان ہے، انہوں نے کہا کہ انتظامیہ خود ساختہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے اور غریب لوگوں کو لوٹنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے۔
=====================================
جیکب آباد(نامہ نگار)ووٹ آپکاحق ہے الیکشن میں اسکا استعما ل کریں ووٹ کا درست استعمال بہتر مستقبل کی ضمانت ہے، ملک بھر میں حتمی انتخابی فہرست شائع کی گئی ہیں،ووٹ کے اندراج کا سلسلہ جاری ہے ان خیالات کا اظہار سماجی رہنما میڈم قمر بانو،الیکشن افسر سہیل میمن،شبیر پیچوہو،عبدالرحمن آفریدی،نصر اللہ سومرو،حفصہ اقبال کلوڑ اور دیگر نے گرلس کالج میں ووٹ کے اندراج اور آگاہی کے متعلق منعقد سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پرنسپل رخسانہ کما ل ابڑ و،حیمرہ شاہ،نتاشہ اور طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی مقررین کا کہنا تھا کہ ووٹ دیکر اچھے نمائندہ کو چنا جا سکتا ہے ووٹ کا حق آزادی سے استعمال کریں کسی کے کہنے اور لالچ میں ووٹ نہ ڈالیں یہ قومی فریضہ بھی ہے خود کواس حق سے محروم نہ کریں،سب سے پہلے اپنا شناختی کارڈ بنوائیں اسکے بعد اپنے ووٹ کا اندراج کرائیں اور پھر الیکشن کے دن ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشن بھی آئیں تاکہ اچھی لیڈڑ شپ آگے آسکے جو آپکے کی خدمت اور حقوق کا تحفظ کر سکے آپکا ووٹ قیمتی ہے اسی ووٹ کے ذریعے آپ کسی کو جتوا اور ہرا سکتے ہیں،خواتین کی شہری علاقوں میں ووٹ ڈالنے کی شرح انتہائی کم ہے ووٹ ڈالنے کا ایک دن ہی موقع ملتا ہے اس لئے اس دن گھر سے نکلیں اپنے حق کے لئے مقررین کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے حتمی انتخابی فہرستوں کی اشاعت کر دی گئی ہے اور ووٹوں کے اندراج،درستگی اور منتقلی کا سلسلہ جاری ہے اس حوالے سے الیکشن کمیشن کے دفتر میں ون ونڈو سینٹر قائم کیا گیا ہے اس کے علاوہ ضلع میں 9سینٹرس قائم کئے گئے ہیں جہاں ووٹ داخل کئے جارہے ہیں جن میں ہائی اسکول آدم خان پہنور،ڈی ای او میل پرائمری،تعلقہ ایجوکیشن افسر سیکنڈری جیکب آباد،تعلقہ ایجوکیشن افسر میل پرائمری،تعلقہ ایجوکیشن افسر میل سیکنڈری دفتر ٹھل،ہائی اسکول بہادرپور،تعلقہ ایجوکیشن افسر میل پرائمری گڑھی خیرو اور مڈل اسکول محمد حیات کھنڈ شامل ہیں،جن کے ووٹ داخل نہیں وہ ان سینٹر پر جاکر اپنے ووٹ داخل کرا سکتے ہیں۔

جیکب آباد(نامہ نگار) سنی پارٹی پاکستان کی جانب سے عید میلادالنبیﷺکے سلسلے میں سالانہ محفلِ میلادشریف جامع مسجد نورِمصطفٰی قلاتی گوٹھ میں سجائی گئی، جس میں نامور ثناء خوان بشیر احمد قادری نے خصوصی شرکت کی اور اپنے مخصوص انداز میں بارگاہِ رسالتﷺ میں گلہائے عقیدت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی، جسکے بعد چیئرمین سنی پارٹی پاکستان مولانا ابوالحسن محمد عبدالخالق قادری نے خطاب میں فرمایا کہ حضور نبی پاکﷺ کے وسیلے کے بغیر اللہ پاک تک رسائی ناممکن ہے لہٰذا جو بندہ اللہ پاک کا قرب چاہتا ہے اسے اللہ پاک کے آخری نبی اور تمام نبیوں کے سردار حضرت محمد ﷺ کی سنت اور شریعت کی پیروی کرنی ہوگی،آخر میں اجتماعی توبہ کروائی گئی اور قادری ذکر بھی کیا گیا۔

جیکب آباد (نامہ نگار) حقوق انسانیت تنظیم کی جانب سے صدر پریس کلب ٹھل محمد مراد پنہیار اور ٹھل کی مشہور سماجی رہنما میڈم صغری! لاشاری اپنی ٹیم اعجاز احمد لاشاری، مختیار جعفری،نادر علی،لیاقت علی کے تعاون سے تحصیل ٹھل کے سیلاب متاثرین کی بلا تاخیراور مسلسل امداد کا سلسلہ جاری گذشتہ دنوں یونین کونسل کوٹ جنگو کے 200 مستحق سیلاب متاثرین میں راشن تقسیم کیا تفصیلات کے مطابق تنظیم حقوق انسانیت کی جانب سے سیلاب متاثرین کے مستحقین میں راشن کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے گذشتہ دنوں تحصیل ٹھل کی یونین کونسل کوٹ جنگو کے قصبہ عبدالجبار کھوسہ میں 200 مستحقین میں راشن تقسیم کیا گیا اس موقع پر محمد مراد پنہیار اور میڈم صغری لاشاری نے بتایا کہ ہم تنظیم کے بانی محمد ابراہیم قاضی کے حکم پرمتاثر علاقوں میں جاکر تین چار فوٹ پانی کو عبور کرکے اصل مستحق تک راشن اور دیگر سامان پہنچا رہے ہیں انہوں نے بتایا کہ ہماری ٹیم نے اب تک 1100 مستحقین میں راشن توسیم کر چکی ہے جس میں ٹھل تحصیل میں 300 اور ضلع کے دیگر علائقوں میں 600 راشن شامل ہیں اس موقعہ پر راشن حاصل کرنے والے مستحقین۔بیواہ خواتین اور نادار لوگوں نے بانی تنظیم ابراہیم قاضی کو دعائیں اور محمد مراد پہنیار اور میڈم صغری کے ممبران سمیت شکریہ ادا کیا۔

جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد پولیس کی کاروائی ٹریکٹر ٹرالی سے سو کلو چرس برآمد کرنے کا دعوی دو ملزمان گرفتار ایک کو بھاری رشوت لیکر آزاد کر دیا گیا ذرائع،بڑی مقدار میں چرس غائب کرنے کا انکشاف تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی صدر پولیس نے بائی پاس پر تلاشی کے دوران ٹریکٹر ٹرالی سے ایک سو کلو چرس برآمد کرنے کا دعوی کیا ہے پولیس کی جانب سے دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ ایک کو بھاری رشوت لیکر آزاد کر دیا گیا جبکہ محمود ولد غازی پٹھان کو گرفتار کرکے واقع کا مقدمہ درج کیا گیا ہے،ذرائع کے مطابق گرفتار ملزم کو آزاد کرنے کی دس لاکھ رشوت لی گئی، پولیس ترجما ن کے مطابق منشیات بلوچستان سے سندھ کی طرف اسمگل کی جا رہی تھی،معلوم ہوا ہے کہ چرس کی مقدار زیادہ تھی جس میں بڑی مقداد میں چرس غائب کی گئی ہے اور داخل کئے گئے کیس میں چرس کی مقداد کم دکھائی گئی ہے اس سلسلے میں ایس ایس پی سمیر نور چنہ سے رابطے کی کوشش کی گئی پر انکا نمبر اٹینڈ نہ ہوا۔

جیکب آباد(نامہ نگار) جیکب آباد میں موٹر سائیکل رہزنی اور چوری کی ایک دن میں چار وارداتیں تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں چوری اور رہزنی کی وارداتوں میں غیر معمولی اضافہ وہ گیا ہے جس کے باعث شہری خوف کا شکار ہیں،مٹکا مارکیٹ میں گلو کمار کی دوکان کے شٹر توڑ کر ڈیڑھ لاکھ نقدی چور ی کرکے لے گئے جبکہ غریب آباد محلہ میں گھر کے باہر کھڑی ونیش کمارکی موٹر سائیکل چوری کرتے ایک چور کو اہل محلہ نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا اسی محلہ میں دو مسلح افراد رام کمار سے اسلح کے زور پر نئی سی ڈی موٹر سائیکل ماڈل 2022 چھین کر فرار ہو گئے,علاوہ ازیں سول لائین تھانے کی حدودچنہ محلہ سے چور تنویر شیخ کی سی ڈی موٹر سائیکل 2021چوری کرکے فرار ہو گئے۔
================================