گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحٰمن کی ہدایت پر یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور نے بدترین سیلاب اور بارشوں کی تباہ کاریوں سے متاثرہ ہم وطنوں کے لئے 15ٹن امدادی سامان کی پہلی کھیپ روانہ کر دی

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحٰمن کی ہدایت پر یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور نے بدترین سیلاب اور بارشوں کی تباہ کاریوں سے متاثرہ ہم وطنوں کے لئے 15ٹن امدادی سامان کی پہلی کھیپ روانہ کر دی۔ سامان کے ساتھ جامعہ کے ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر محمد عمر سلیم کی زیرنگرانی سینئر میڈیکل آفیسر، سٹاف، اساتذہ اور طلباء کی ایک ٹیم بھی روانہ ہوئی، جو ضلع راجن پور اور ڈیرہ غازی خان کے مختلف سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 4 روز تک میڈیکل کیمپ کا انعقاد کرے گی، ان میڈیکل کیمپوں میں سینئر ڈاکٹرز کے چیک اپ کے ساتھ مفت ادویات بھی فراہم کی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحٰمن نے بحیثیت چانسلر پنجاب کی تمام جامعات کو سیلاب متاثرین کے لئے فلڈ ریلیف مہم شروع کرنے کی ہدایت جاری کی تھی، جس کی روشنی میں وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے جامعہ کے تمام کیمپسز اور ڈویژنوں میں فوری طور پر امدادی سنٹرز بنانے کی ہدایت جاری کیں۔ ان سنٹرز پر اساتذہ، سٹاف اور طلباء کے تعاون سے انتہائی مختصر وقت میں سیلاب متاثرین کے لئے ادویات، کپڑے، چاول، گھی، چینی، خشک میوہ جات سمیت کھانے پینے کا 15 ٹن امدادی سامان جمع کیا، اس کے علاوہ جامعہ نے نقد امدادی رقوم جمع کروانے کے لئے نیشنل بنک آف پاکستان کا اکاؤنٹ نمبر (IBAN:PK38NBPA1669003036035243) بھی جاری کیا، تاکہ جو مخیر حضرات سیلاب زدگان کے لئے اشیاء کے بجائے رقوم جمع کروانا چاہیں تو وہ اس سے استفادہ کر سکیں۔ گزشتہ روز یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور نے میڈیکل ٹیم کے ساتھ 15 ٹن پر مشتمل امدادی سامان کی پہلی کھیپ سیلاب متاثرین کے لئے لاہور سے روانہ کر دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن، لاہور پروفیسر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا (ستارہِ امتیاز) نے کہا کہ بدترین سیلاب کے باعث ہمارے ہم وطن آج جن مصائب کا شکار ہیں، ان کو الفاظ میں بیان کرنا شائد ناممکن ہے، تاہم ان کی دادرسی کرکے ہم ان کے زخموں پر مرہم ضرور رکھ سکتے ہیں۔ آج ہمیں ان دکھی پاکستانیوں کی مدد کے لئے وہی جذبہ دکھانے کی ضرورت ہے جو جذبہ قیام پاکستان کے وقت ہجرت کرکے آنے والے لٹے پٹے لوگوں کے لئے مقامی افراد نے دکھایا تھا۔ وائس چانسلر نے ایک بار پھر سیلاب زدگان کی بھرپور امداد کی اپیل کی ہے۔ اس موقع پر پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد ارشد اور ڈاکٹر عالم سعید سمیت اساتذہ، سٹاف اور طلباء کی کثیر تعداد موجود تھی۔