میکال حسن کے اسٹوڈیو کی تعمیرِ نو کیلئے فواد خان آگے آگئے

پاکستانی سُپر اسٹار فواد خان اپنے ساتھی موسیقار میکال حسن کی اپیل پر ان کے ’ڈیجیٹل فیڈیلیٹی اسٹوڈیو‘ کی تعمیرِ نو میں مدد کے لیے آگے آگئے۔

فواد خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر اپنے ویڈیو پیغام میں مداحوں سے میکال حسن کے اسٹوڈیو کو دوبارہ تعمیر کرنے کے لیے مدد کی اپیل کی ہے۔
اُنہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ میکال حسن نے گزشتہ 3 دہائیوں میں کئی نامور پاپ گلوکاروں کو میوزِک انڈسٹری میں متعارف کروایا ہے۔

فواد خان نے کہا ہے کہ ان میں سے بہت سے گلوکاروں نے اپنے پہلے گانے میکال حسن کے اسٹوڈیو میں ریکارڈ کیے اور خود ان کی بھی ماضی میں اس اسٹوڈیو سے ریکارڈنگ کے حوالے سے وابستگی رہی۔

اُنہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کے ہر عظیم گلوکار کی کسی نہ کسی طرح میکال حسن کے ’ڈیجیٹل فیڈیلیٹی اسٹوڈیو‘ سے ماضی میں وابستگی رہی ہے۔

فواد خان نے کہا ہے کہ میکال حسن کے اس اسٹوڈیو نے پاکستانی میوزک کو دنیا کے سامنے لانے میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔

اُنہوں نے اسٹوڈیو کے حوالے سے بات کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ آج اس اسٹوڈیو کے بارے میں بات اس لیے کر رہے ہیں کیونکہ کچھ روز قبل پیش آنے والے ایک حادثے میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگنے والی آگ سے اسٹوڈیو جل کر مکمل طور پر تباہ ہو گیا تھا۔
اداکار نے کہا کہ اس لیے وہ سب لوگوں سے اپیل کر رہے ہیں کہ آپ سب اس اسٹوڈیو کو دوبارہ بنانے میں ہماری مدد کر سکتے ہیں تاکہ میکال پاکستان کے لیے زبردست میوزک کو تخلیق کرنے کا سلسلہ آنے والے سالوں میں بھی جاری رکھ سکیں۔

فواد خان نے اسٹوڈیو کے تعمیرِ نو کے سلسلے میں عطیہ جمع کرنے کے لیے بنائے گئے پیج کا لنک بھی شیئر کیا ہے اور مداحوں سے درخواست کی ہے کہ اس لنک پر کلک کریں اور اسٹوڈیو کو دوبارہ تعمیر کرنے کے لیے اپنے عطیات جمع کروائیں۔

آخر میں فواد خان نے کہا ہے کہ اُنہیں اس سلسلے میں سب لوگوں کی مدد کا انتظار رہے گا۔