شاہ رخ خان نے اپنے گھر کے باہر موجود پرستاروں کو عید کی مبارکباد پیش کی

بالی ووڈ کے ‘بادشاہ’ شاہ رخ خان نے اتوار کو عید الاضحیٰ کے موقع پر ممبئی میں واقع اپنے گھر منت کے باہر موجود اپنے پرستاروں کو عید کی مبارکباد دی۔

متعدد پرستاروں نے اس موقع پر بنائی گئی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شیئر کیں۔

ان میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کنگ خان اپنے گھر کے داخلی راستے کے اوپر کی جانب موجود بالکونی میں اپنے چھوٹے بیٹے ابرام خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور پرستاروں کو عید کی مبارکباد دے رہے ہیں۔

اس موقع پر سفید ٹی شرٹ اور بلیو ڈینم میں ملبوس شاہ رخ خان نے ڈارک سن گلاسز لگا رکھے ہیں، جبکہ ابرام سرخ ٹی شرٹ اور سیاہ پینٹ میں ملبوس ہیں۔

ایک پرستار نے اپنے کمنٹس میں لکھا کہ شاہ رخ خان اپنے پرستاروں کو کبھی مایوس نہیں کرتے۔

ایک اور پرستار کا کہنا تھا کہ کنگ خان کے ساتھ ابرام کے آجانے سے چار چاند لگ گئے۔

اس برس یہ دوسرا موقع ہے جب شاہ رخ نے اپنے پرستاروں کو اس انداز میں عید کی مبارکباد پیش کی۔

اس سے قبل مئی میں عید الفطر کے موقع پر بھی انہوں نے اس کا اہتمام کیا تھا۔