پاکستانی لیگ اسپنر نے اپنی فتح گر پرفارمنس شین وارن کے نام کردی

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی لیگ اسپنر غلام فاطمہ نے سری لنکا ویمن کے خلاف اپنی فتح گر پرفارمنس کو شین وارن کے نام کردیا۔

کراچی میں سری لنکا ویمن ٹیم کے خلاف پہلے ون ڈے میں کامیابی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غلام فاطمہ کا کہنا تھا کہ ٹیم میں عمدہ پرفارمنس کے ساتھ کم بیک کرنے پر خوشی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنی پرفارمنس کے تسلسل کو قائم رکھنے کی کوشش کریں گی۔

غلام فاطمہ نے کہا کہ شین وارن میرے آئیڈل ہیں، ان سے ملاقات کی خواہش تھی جو پوری نہ ہوسکی۔

انہوں نے کہا کہ میں سری لنکا کے خلاف 4 وکٹیں شین وارن کے نام کرتی ہوں۔
خیال رہے کہ کراچی کے ساؤتھ اینڈ کلب میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان ویمن ٹیم نے سری لنکا ویمن ٹیم کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

مہمان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان ویمن کو جیت کے لیے 170 رنز کا ہدف دیا تھا جسے اس نے 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

سری لنکن بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کرنے میں غلام فاطمہ کا بڑا کردار رہا۔

لیگ اسپنر نے اپنے 10 اوور کے اسپیل میں 2 میڈن اوورز کے ساتھ صرف 21 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔